QR CodeQR Code

جن قوتوں کے کرتوتوں سے پاکستان ٹوٹا انہیں سبق حاصل کرنا چاہئے، جماعت اسلامی

16 Dec 2021 18:58

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین اور المناک دن ہے، جس دن دشمنوں کی مکاری اور اپنوں کی نااہلی و غداری سے اسلام کے نام پر حاصل ہونے والا ملک دولخت ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہے گا، 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین اور المناک دن ہے، جس دن دشمنوں کی مکاری اور اپنوں کی نااہلی و غداری سے اسلام کے نام پر حاصل ہونے والا ملک دولخت ہوا، یومِ سقوط ڈھاکہ کے دن ہمیں یہ عزم کرنا چاہئے کہ اپنے ذاتی مفادات، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی مفادات کو ترجیح، ہر چند کو قربان کرکے سالمیت پاکستان اور اسلامی و خوشحال پاکستان کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرتے رہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں یومِ سقوط ڈھاکہ کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، مجاہد چنا و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جبکہ ناظم عمومی محمد دین منصوری نے پاکستان کی ترقی و سالمیت کیلئے خصوصی دعا کرائی۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ جن قوتوں کے کرتوتوں سے پاکستان ٹوٹا، ان کو سبق حاصل کرنا چاہئے اور ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار پر آئین و قانون کے مطابق عمل کرنا چاہئے، ملک کو دولخت ہونے سے بچانے اور ملک سے محبت کرنے والوں کو آج بھی بنگلہ دیش میں پھانسیاں دی جا رہی ہیں، بلوچستان میں نواب اکبر بگٹی کا قتل، گمشدہ افراد ،غیر ضروری چیک پوسٹوں کے ذریعے لوگوں کی تذلیل اور گوادر میں لوگ اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں ایسے واقعات ہی سقوط ڈھاکہ جیسے سانحات کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے سدباب اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 968819

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968819/جن-قوتوں-کے-کرتوتوں-سے-پاکستان-ٹوٹا-انہیں-سبق-حاصل-کرنا-چاہئے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org