QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی کی مذمت اور افسوس کا اظہار

اللہ تعالیٰ حرمین شریفین کو دین سے محبت کرنیوالے رکھوالے عطا فرمائے، معاویہ اعظم

16 Dec 2021 20:46

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کالعدم جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ مکہ و مدینہ قرآن و وحی کی سرزمین ہے، جہاں سے قرآن کا پیغام پور دنیا میں پھیلا، وہاں تبلیغی جماعت والوں پر پابندی لگنا افسوسناک ہے اور سعودی حکومت کے اس اقدام سے دین سے محبت کرنیوالوں کے دل پر گہرا زخم آیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان کے رکن پنجاب اسمبلی معاویہ اعظم طارق نے سعودی عرب کی جانب سے تبلیغی جماعت پر پابندی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر دیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں معاویہ اعظم کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کا نام سامنے آتے ہی ذہن میں محبت پھیلانے والے، دین کی دعوت دینے والے، دروازوں پر جا کر لوگوں کی آخرت کی فکر کرنیوالے لوگوں کا خیال آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پر پابندی لگے تو امریکہ و یورپ میں لگے، دین دشمنوں کے ممالک میں پابندی لگے، مگر یہ کیا ہوگیا کہ سعودی عرب میں اِن پر پابندی لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ و مدینہ قرآن و وحی کی سرزمین ہے، جہاں سے قرآن کا پیغام پوری دنیا میں پھیلا، وہاں تبلیغی جماعت والوں پر پابندی لگنا افسوسناک ہے۔

سعودی حکومت کے اس اقدام سے دین سے محبت کرنیوالوں کے دل پر گہرا زخم آیا ہے، لیکن اس زخم پر بہت زیادہ تعجب بھی نہیں۔ اس کی وجہ سامنے ہے کہ جدہ میں دنیا کا سب سے بڑا سینما کھول دیا گیا، انڈیا اور امریکہ کے اداکار وہ مناظر دکھاتے نظر آئے، جس میں انہوں نے عجیب و غریب پرفارمنس پیش کی، پھر ہم نے دیکھا چست لباس پہنے خواتین کو حرمین شریفین کی سکیورٹی پر تعینات کر دیا گیا، اس طرح کے فیصلوں کے بعد توقع تھی کہ ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب آنیوالے وقت میں امت کیلئے تکلیف دہ بات ہوسکتی ہے، جو حرمین کی حفاظت کا مسئلہ ہے، اللہ تعالیٰ حرمین کو ایسے رکھوالے عطا فرمائے، جو دین سے محبت کرنیوالے ہوں۔


خبر کا کوڈ: 968826

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968826/اللہ-تعالی-حرمین-شریفین-کو-دین-سے-محبت-کرنیوالے-رکھوالے-عطا-فرمائے-معاویہ-اعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org