QR CodeQR Code

مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا عوام کو سویٹزرلینڈ کے خواب دکھانا مضحکہ خیز ہے، شہزاد آغا

17 Dec 2021 20:58

ایک بیان میں رکن جی بی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء عوام کو گمراہ کر کے جلسہ گاہ تک لائے مگر انہیں جی بی کی تعریف اور مشوروں پر ٹرخایا گیا اور چند منٹ کے غیر ضروری خطاب کے لئے جی بی کے خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔ حکومت کو اسکا حساب دینا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہِ سکردو ٹوپی ڈرامہ اور خطاب سیاسی سراب تھا۔ وزراء نے وزیر اعظم کو اور وزیر اعظم نے عوام کو ٹوپی پہنائی اور چلا گیا۔ کمر توڑ مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا عوام کو سوئٹزرلینڈ اور دبئی کے خواب دکھانا مضحکہ خیز ہے۔ اپنے ایک بیان میں رکن جی بی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جن وزراء کے سامنے زمینوں کی حفاظت کا مشورہ دیا انہیں وزراء نے گلگت بلتستان اسمبلی میں حقِ ملکیت کی قرارداد کی مخالفت کی۔ تین سالوں سے عبوری آئینی صوبے کی رٹ لگائے والوں کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ یہ تاریخ کا انوکھا وزیر اعظم ہے جو عملاً کچھ دینے کے بجائے صرف مشورے دے کر چلا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سہولت کاروں کے ذریعے جلسہ تو کیا جا سکتا ہے مگر عوام کا دل نہیں جیتا جا سکتا۔ سکردو جیسے پر امن شہر میں سیکیورٹی کے نام پر دکانیں اور مارکیٹیں بند کروا کر شدید سردی میں عوام کو خوار کیا گیا مگر نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات۔ گلگت بلتستان کے عوام سمجھ چکے ہیں کہ حقوق اور ترقیاتی منصوبے دینا کٹھ پُتلی کے بس کی بات نہیں۔ صوبائی وزراء عوام کو گمراہ کر کے جلسہ گاہ تک لائے مگر انہیں جی بی کی تعریف اور مشوروں پر ٹرخایا گیا اور چند منٹ کے غیر ضروری خطاب کے لئے جی بی کے خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔ حکومت کو اسکا حساب دینا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 968976

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/968976/مہنگائی-اور-لوڈشیڈنگ-کے-عذاب-میں-مبتلا-عوام-کو-سویٹزرلینڈ-خواب-دکھانا-مضحکہ-خیز-ہے-شہزاد-ا-غا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org