0
Friday 17 Dec 2021 21:07

اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں، انکو مہاجر کہہ کر لسانیت کو پھیلایا جارہا ہے، ناصر شاہ

اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں، انکو مہاجر کہہ کر لسانیت کو پھیلایا جارہا ہے، ناصر شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے اور وہ اس لئے مقامی حکومت کے نئے قانون کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں اور ان کو مہاجر کہہ کر لسانیت کو پھیلایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی و بے روزگاری ہے جبکہ صنعتوں اور عام عوام کو تکلیف کا سامنا ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ ہم مقامی حکومت کا نیا قانون لائے ہیں، جن رہنماؤں کی سیاست ختم ہوچکی ہے وہ اس نئے قانون کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں، مقامی حکومت کے نظام میں بہت بہتری ہے۔ حالیہ سیاسی بیانات پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو یا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جو کچھ کہا وہ مخالفین کے بیانات کے جواب میں کہا تھا، جب ہم مخصوص ٹولے کو جواب دیتے ہیں تو وہ ان بیانات کو لسانیت کا رنگ دیتے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں اور ان کو مہاجر کہہ کر لسانیت کو پھیلایا جا رہا ہے،  اُردو بولنے والوں کی بڑی قربانیاں ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ سے متعلق پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جس قائد سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا ان کے عزائم واضع ہوچکے تھے، ایم کیو ایم کو چاہیئے کہ اب ان کی جانب نہ جائیں، شہر کے حالات بڑی قربانیاں دے کر بہتر ہوئے اور آج ہم سکون میں ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ ملک اور صوبے کے لئے اس طرح کی باتیں مناسب نہیں ہیں، تحریک انصاف کی دو صوبوں میں حکومت ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مقامی حکومتوں کے قانون مختلف ہیں، پی ٹی آئی کیا کسی مشاورت سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ آرڈیننس لے کر آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 968981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش