0
Friday 17 Dec 2021 21:59

ایران کے جائز و منطقی مطالبات کی حمایت اور اس کیخلاف دباؤ کی پالیسی کی مذمت کرتے ہیں، چین

ایران کے جائز و منطقی مطالبات کی حمایت اور اس کیخلاف دباؤ کی پالیسی کی مذمت کرتے ہیں، چین
اسلام ٹائمز۔ آج چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں تاکید کی گئی کہ بیجنگ، ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) سے متعلق مسائل کے سیاسی و سفارتی حل کی بھرپور حمایت اور متعلقہ فریقوں سے ویانا مذاکرات کو جلد از جلد نتیجہ خیز بنانے کا پرزور مطالبہ کرتا ہے۔ چینی ٹیلیویژن چینل سی جی ٹی این کے مطابق وانگ یی نے حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ گفتگو میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی کا مسئلہ اس وقت ایک نازک موڑ پر ہے، کہا کہ چین سال 2015ء کے معاہدے کی بحالی کے مقصد سے موجودہ (ویانا) مذاکرات کی پرزور حمایت کرتا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ بیجنگ، ایران کے جائز و منطقی مطالبات کی بھرپور حمایت اور ایران کے خلاف روا رکھے جانے والے زیادہ سے زیادہ دباؤ کے غلط رویے کی شدید مذمت کرتا اور کسی بھی سطح پر دباؤ کے ڈالے جانے کے خلاف ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے موجودہ مذاکرات کو صحیح نہج پر آگے بڑھانے میں چین کے مثبت کردار کو سراہا اور اپنے چینی ہم منصب کو ویانا مذاکرات میں حاصل ہونے والی حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے ایران نہ صرف صداقت و حسن نیت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوا ہے بلکہ اس نے تاحال کئی ایک مثبت اقدامات بھی اٹھائے ہیں، کہا کہ تہران، ان مذاکرات میں اپنے لچکدار اور عملی طریقۂ کار کے ساتھ شرکت کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران متعلقہ فریقوں کے ساتھ گفتگو جاری رکھے گا تاہم کسی بھی قسم کی دھمکی یا غنڈہ گردی کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 968997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش