0
Friday 17 Dec 2021 23:46

ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں، ہمارے حکمران صرف انھیں لاگو کرتے ہیں، سراج الحق

ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں، ہمارے حکمران صرف انھیں لاگو کرتے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اعصابی طور پر شکست کھا چکی، بلے، شیر اور تیر کا دور ختم ہوگیا، اب ترازو پر انصاف ہوگا۔ کے پی کے عوام تیار رہیں، جس پولنگ سٹیشن پر دھاندلی ہوگی، وہیں دھرنا دیں گے۔ 19 دسمبر کو صوبے کے عوام ترازو پر مہر لگا کر حکومتی مظالم کا بدلہ لیں گے۔ اتوار کا دن پی ٹی آئی کا صوبے میں الوداع کا دن ہوگا۔ حکمران کہتے ہیں کہ پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں اضافہ کی وجہ سے بڑھتی ہیں، بتایا جائے کہ آٹا، چینی، گھی، گیس تو مقامی پیداوار ہیں، ان کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ابھی تک اسلامی نظام قائم نہیں ہوا۔ کرپشن کی وجہ سے ملک میں برکت ختم ہوگئی۔ بجلی اور گیس کے جعلی فراڈ بلز عوام کو بھیجے جاتے ہیں۔ 22 کروڑ لوگ اپنے ہی گھروں میں حکمرانوں کے کرائے دار بن کر رہ گئے۔ ہر دن ایک نیا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا، اب انھوں نے جھوٹ کو یو ٹرن کا نام دے دیا۔

قوم سانپوں کو مزید دودھ نہ پلائے، یہ اژدھے بن کر عوام کو کھا جائیں گے۔ ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں،ہمارے حکمران صرف انھیں لاگو کرتے ہیں۔ برس ہا برس سے حکومتیں بیرونی ایجنڈے پر چل رہی ہیں۔ جو حکمران ساڑھے تین برسوں میں ملک میں بہتری نہ لاسکے، وہ ڈیڑھ برس میں کیا کریں گے۔ پی ٹی آئی، نون لیگ، پی پی کی حکومتیں ایک جیسی، ناکام اور نااہل ثابت ہوئیں۔ آزمائے ہوئے حکمران پھر قوم سے موقع مانگ رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کی وجہ سے کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ یہ وہی اشرافیہ ہے، جو پاکستان کو دولخت کرنے کا سبب بنی۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں گیس اور بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ ایک وفاقی وزیر کہہ رہے ہیں ملک میں گیس ختم ہوگئی، دوسرے فرماتے ہیں کہ عوام چینی کے کم دانے چائے میں ڈالیں۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ملک میں سب کچھ ہیں، بس آپ جانے کی تیاری کرلیں، ان شا اللہ گیس بھی ہوگی، چینی بھی ہوگی اور ملک بھی ترقی کرے گا۔

ساڑھے آٹھ برسوں سے صوبے پر مسلط حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے، سودی اور کرپٹ سرمایہ دارانہ معیشت اور دین بیزار قوانین سے کبھی بھی ریاست مدینہ نہیں بن سکتی۔ کے پی حکومت صوبے کی تاریخ کا ناکام ترین انتظامیہ ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی، نون لیگ، پی پی اور اے این پی کو حکومت کا موقع ملا، مگر سب ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہا ملک کی تمام بڑی نام نہاد پارٹیاں سرمایہ داروں اور وڈیروں کے کلبز ہیں۔ چند خاندان تہتر برسوں سے ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں، جن کا پاوں عوام کی گردنوں اور ہاتھ ان کی جیبوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کا دو لاکھ ماہانہ میں گزارا نہیں ہوتا، وہ خود بتائیں کہ اس شخص کا چولہا کیسے جلے گا، جو پانچ سو روپے دیہاڑی کے لیے چوک میں بیٹھا ہے۔ اس حکومت نے قوم کو بھکاری بنا دیا اور لنگر خانوں کے باہر لوگوں کو لائنوں میں کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ حکمران اشرافیہ کو غریب کے مسائل اور پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں۔
خبر کا کوڈ : 969014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش