QR CodeQR Code

پاراچنار، صحافی سید ساجد کاظمی کو انتظامیہ نے گرفتار کرلیا

17 Dec 2021 23:49

پریس کلب پاراچنار میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ساجد کاظمی کو رہا نہ کیا گیا تو وہ پاراچنار سمیت تمام قبائلی اضلاع میں احتجاج شروع کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ کرم کی ضلعی انتظامیہ نے مقامی صحافی سید ساجد کاظمی کو گرفتار کر لیا، صحافیوں کی جانب سے انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت اور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم زاہد یونس نے سرکاری فلیٹ خالی کروانے کیلئے مقامی صحافی اور پاراچنار پریس کلب کے ممبر سید ساجد کاظمی کو گرفتار کر لیا۔ پریس کلب کے ممبران نے ضلع کرم کے پارلیمنٹیرینز کی موجودگی میں اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم سے ملاقات کی اور ساجد کاظمی کی گرفتاری پر اپنے تشویش سے آگاہ کیا۔

مقامی صحافیوں کا کہنا تھا کہ ساجد کاظمی کے پاس باقاعدہ الاٹمنٹ کے کاغذات موجود ہیں، اس کے باوجود اس کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ پریس کلب پاراچنار میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ساجد کاظمی کو رہا نہ کیا گیا تو وہ پاراچنار سمیت تمام قبائلی اضلاع میں احتجاج شروع کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 969015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/969015/پاراچنار-صحافی-سید-ساجد-کاظمی-کو-انتظامیہ-نے-گرفتار-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org