QR CodeQR Code

ملتان، پیپلزپارٹی کے زیراہتمام مہنگائی و بیروگاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

18 Dec 2021 00:00

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم ہی نہیں کیا، جب بھی مہنگائی ہوتی ہے تو حکومت کا کام یہ نہیں کہ آئی ایم ایف کے ترجمان بن کر آئیں اور یہ بتائیں کہ میں مہنگائی کرنے جا رہا ہوں جبکہ انکا اصل کام عوام کو ریلیف دینا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سلیکٹڈ ٹولہ پہلے بحران پیدا کرتا ہے، پھر مہنگائی کا ریلہ لاتا ہے، ملک و قوم پر منی بجٹ مسلط کرکے مہنگائی میں کمی کی نوید دی جا رہی ہے، یہ کیسی حکومت ہے، جہاں کبھی گیس، کبھی گھی و دالیں اور کبھی بجلی مہنگی ہو جاتی ہے، لوگ غربت سے خودکشیاں کر رہے ہیں، اپنے بچوں کو بیچ رہے ہیں، بلڈ پریشر کے مریض یا شوگر کے مریض دو تین دن چھوڑ کر دوائیاں لے رہے ہیں، مطلب کہ لوگ اپنی دوائیاں بھی افورڈ نہیں کرسکتے ہیں، انہوں نے عوام کو ریلیف فراہم ہی نہیں کیا، جب بھی مہنگائی ہوتی ہے تو حکومت کا کام یہ نہیں کہ آئی ایم ایف کے ترجمان بن کر آئیں اور یہ بتائیں کہ میں مہنگائی کرنے جا رہا ہوں، جبکہ ان کا اصل کام عوام کو ریلیف دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے زیر اہتمام سٹی صدر ملک نسیم لابر اور جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ کی قیادت میں صوبائی حلقہ 214 کے امیدوار ملک رضوان ہانس کی میزبانی میں ان کے ڈیرہ پر مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر پی وائی او، پی ایس ایف کے کافی نوجوانوں نے شرکت کی اور حکومت کی ناقص و عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی کے سبب ملک میں محض 3 سالوں میں گیس کی پیداوار میں سالانہ 9 فیصد کی کمی ہوئی ہے، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے وفاقی حکومت کی عجیب منطق ہے کہ گیس اب مہنگی ہی ملا کرے گی، حالیہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بھی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس نااہل حکومت کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کا ملک گیر احتجاج جاری رہے گا، کیونکہ پیپلزپارٹی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سیاست کرتی ہے اور ہم اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گے، جب تک یہ ظالم و جابر حکومت ایوان اقتدار سے ہمیشہ کیلئے بھاگ نہیں جاتی۔


خبر کا کوڈ: 969018

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/969018/ملتان-پیپلزپارٹی-کے-زیراہتمام-مہنگائی-بیروگاری-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org