QR CodeQR Code

سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا معاملہ الجھ گیا، نیا نوٹیفکیشن جاری

18 Dec 2021 23:58

محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس میں چھٹیاں 20 دسمبر سے دینے کے بجائے تین جنوری سے کرنے کی بات کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا معاملہ الجھ گیا، اسکولوں میں چھٹیاں دے دی گئیں، تاہم محکمہ داخلہ سندھ نے سردیوں کی تعطیلات کا شیڈول دوبارہ مرتب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر بروز پیر سے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ این سی او سی نے تین جنوری سے چھٹیاں دینے کی ہدایات دی ہیں۔ اب محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں چھٹیاں 20 دسمبر سے دینے کے بجائے تین جنوری سے کرنے کی بات کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ہفتے کو تین نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں، جن میں ایک چھٹیوں کے حوالے سے، دوسرا کرسمس پر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے اور تیسرا ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مسافروں کو کورونا ویکسین لگوانے کی مہم میں توسیع کے حوالے سے ہے۔ پہلے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کو ازسرنو مرتب کیا جائے، جنوری سے سردیوں کی چھٹیاں شروع کی جائیں۔ محکمہ داخلہ نے اپنی سفارشات این سی او سی کی ہدایت کے مطابق محکمہ اسکولز، کالجز اور جامعات کو ارسال کر دی ہیں۔ 

دوسری جانب چئیرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے سردی کی تعطیلات پر محکمہ داخلہ سندھ کے خط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سردیوں کی چھٹیاں شروع ہو چکی ہیں، سندھ میں سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 20 دسمبر سے یکم جنوری ہی تعطیلات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے اپنے شیڈول کے تحت چھٹیاں کر رہے ہیں، گزشتہ ایک ہفتے سے تعطیلات کے مسئلے کو غیر ضروری طور پر طول دیا جا رہا ہے، صوبائی معاملے پر وفاق کی مداخلت غیر ضروری ہے، وفاقی وزارت تعلیم غیر سنجیدہ اور قوت فیصلہ سے محروم ہے۔ انہوں ںے مزید کہا کہ سردی کی تعطیلات ہر سال کا معاملہ ہے، کیا صوبے اس قابل نہیں کہ وہ خود اس کو طے کر سکیں؟ سندھ میں اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی وزیر تعلیم سندھ کی ہدایت پر تعطیلات طے کر چکی ہیں، وزیر تعلیم سندھ کسی دوسرے نوٹیفکیشن کو جاری ہونے سے رکوائیں، اسکولز، والدین اور اساتذہ اپنے پروگرام ترتیب دے چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 969191

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/969191/سندھ-میں-تعلیمی-اداروں-کی-چھٹیوں-کا-معاملہ-الجھ-گیا-نیا-نوٹیفکیشن-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org