0
Sunday 19 Dec 2021 19:27

آج نئے ہندوستان کی تعمیر ہورہی ہے، راجناتھ سنگھ

آج نئے ہندوستان کی تعمیر ہورہی ہے، راجناتھ سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مودی کی قیادت میں نئے ہندوستان کی تعمیر کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ گھر اور باہر دونوں جگہ ہماری حکومت بخوبی کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی بات عالمی سطح پر نہ صرف سنی جاتی ہے بلکہ اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے۔ بندیل کھنڈر میں بی جے پی کی جن وشواس یاترا کو روانہ کرنے سے پہلے ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نے جہاں ایک طرف ریاست کی بی جے پی حکومت کے کاموں کی جم کر تعریف کی تو وہیں انہوں نے اپوزیشن جماعتوں خاص کر سماج وادی پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپنے خطاب کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کشمیر سے دفعہ 370 کی تنسیح سے لے کر رام مندر کی تعمیر اور کاشی وشوناتھ کاریڈور کا ذکر کیا۔ اس موقع پر ریاست کے نائب وزیراعلٰی ڈاکٹر دنیش شرما، وزیر بی ایل ورما و منوہر لال پنت وغیرہ خاص طور سے موجود رہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے عزم کیا تھا کہ کسی کو بھی بھوک سے مرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ 2024ء تک ہر شہری کے سر پر چھت ہو۔

بندیل کھنڈر کے ہیروز کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ اس سرزمین سے ریلی کو خطاب کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جانبازوں کی ایسی سرزمین ہے جہاں ہر ایک ہندوستان کو ایک بار ضرور آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹ اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر سیاست نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوام سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سیاست کرنا چاہتی ہے۔ اشفاق اللہ خان، ٹھاکر روشن سنگھ و پنڈت رام پرساد بسمل کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب اشفاق کو انگریزوں کے قتل کے بدلے پھانسی دی جارہی تھی تو انہوں نے اپنی آخری خواہش میں کہا تھا کہ ماں کو مطلع کر دو کہ میں پھانسی کے ساتھ شادی کرنے جارہا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 969273
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش