0
Sunday 19 Dec 2021 22:34

غاصب صیہونی رژیم نے 1948ء کی مقبوضہ اراضی میں فلسطینی شہریوں کیساتھ مقابلے کیلئے نیا فوجی یونٹ تشکیل دیدیا

غاصب صیہونی رژیم نے 1948ء کی مقبوضہ اراضی میں فلسطینی شہریوں کیساتھ مقابلے کیلئے نیا فوجی یونٹ تشکیل دیدیا
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ منسلک روزنامے اسرائیل ہیوم نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 1948ء کی مقبوضہ اراضی پر ساکن فلسطینی شہریوں سے نپٹنے کے لئے ایک نئی فورس تشکیل دے دی ہے۔ اسرائیلی اخبار نے لکھا کہ صیہونی فوج و پولیس کو ملا کر یہ یونٹ اسرائیلی تاریخ میں پہلی مرتبہ تشکیل دیا گیا ہے جس کی 2 بنیادی ذمہ داریاں؛ عمومی امن و امان کا قیام اور آئندہ جنگوں کے دوران اسرائیل کے عرب نشین علاقوں میں رونما ہونے والی کسی بھی قسم کی عوامی تحریک کا مقابلہ کرنا ہے۔ عبری اخبار کے مطابق فلسطینی شہریوں کے خلاف یہ فورس، حالیہ سیف القدس مزاحمتی آپریشن کے دوران 1948ء کی مقبوضہ سرزمینوں پر ہونے والے وسیع فلسطینی احتجاج کے تلخ تجربے کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہے۔ اسرائیل ہیوم کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ کی کسی بھی جنگ کے دوران اسرائیلی بارڈر سکیورٹی فورسز بھی پولیس کے ساتھ مل کر فلسطینی احتجاجی سلسلے کو روکنے کے لئے اسرائیل میں شامل فلسطینی عرب نشین دیہاتوں و قصبوں میں تعینات ہو جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے اپنی حدود کے اندر ساکن فلسطینی عربوں کو سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے مقرر کیا ہے کہ ریزرو فورس، اسرائیلی حمل و نقل کی حفاظت پر مامور کی جائے گی تاکہ آئندہ کی جنگ کے دوران حساس سازوسامان سے بھرے فوجی ٹرک فلسطینی عربوں کے حملے کا نشانہ نہ بنیں۔ اسرائیلی اخبار نے لکھا کہ طے پایا ہے کہ 1948ء کی مقبوضہ سرزمینوں میں مستقبل میں وقوع پذیر ہونے والے ہر فلسطینی احتجاج کو سختی کے ساتھ کچل دیا جائے گا چاہے وہ شمالی محاذ پر (شام و لبنان کے ساتھ) ہونے والی جنگ کے خلاف ہوں یا جنوبی محاذ پر (غزہ کے رہائشیوں کے ساتھ) ہونے والی صیہونی جنگ کے خلاف۔
خبر کا کوڈ : 969295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش