0
Monday 20 Dec 2021 11:07

وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں، مریم اورنگزیب

وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں، مریم اورنگزیب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اس وقت جب ملک میں غیر ملکی وفد افغانستان کے حالات پر غیر معمولی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں وزیراعظم اپنی اور اپنی حمایتی جماعتوں کی کرپشن چھپانے کے لیے ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اور ایم این اے مریم اورنگریب نے کہا کہ اگر وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں۔ وزیراعظم کی جانب سے غیر ملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے اس انٹرویو میں ملک کی تباہی کےلیے سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کومورد الزام ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بھی اپنے دور کے تین سال گزار چکی ہے، لیکن لگتا ہے کہ عمران خان ابتک شریف خاندان فوبیا میں مبتلا ہیں، اسی لیے اپنی کارکردگی نمایاں کرنے کے بجائے ہر وقت نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لیتے رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اپنے انٹر ویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ترقی پزیر ممالک اس لیے غریب ہیں کیونکہ ان کے امیر حکمران دولت آف شور اکاؤنٹس میں منتقل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں کی سیاسی جماعتوں سے لڑنا مافیا سے لڑنے کے مترادف ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ دو پارٹیاں پی ایم ایل این اور پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف دولت، ملک کے وسائل اور میڈیا کا استعمال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اقتدار ہمیشہ دو بدعنوان خاندانوں کے پاس رہا جو صرف دولت بنانے اقتدار میں آئے تھے۔ مریم اورنگزیب مذکورہ انٹرویو کو سیاسی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا اس وقت جب او آئی سی اجلاس کے لیے اسلامی ممالک کے لیے وزرائے خارجہ پاکستان آرہے ہیں ایسے میں یہ ملکی کی تصویر خراب کرنے اور تخریب کاری کی کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے اس سے قبل 2014ء میں بھی ایسا ہی کیا تھا جب مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں چینی صدر پاکستان آئے تھے۔ مسلم لیگ کی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس ذہنی صلاحیت موجود نہیں ہے کہ او آئی سی اجلاس کی حساسیت اور اہمیت سمجھ سکیں، وہ کس طرح دنیا میں اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے سامنے پاکستان کی مثبت تصویر اجاگر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے ہے کیونکہ عمران خان کے پاس اپوزیشن کو ستانے، پریشان کرنےاور اپنی ناکامیوں کا ملبہ اپوزیشن پر ڈالنے کے علاوہ کوئی پلان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بطور وزیر اطلاعات خدمات انجام دینے والی مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائد حزب اختلاف ہونے کے باوجود شہباز شریف کو من گھڑت الزامات پر ایک سال سے زائد عرصہ جیل میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل این کے رہنماؤں کو سزائے موت کے مجرموں کے سیل میں قید کیا گیا، ہمارے خلاف طاقت، ہتھیاروں، قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ملک کے تمام اداروں کا غلط استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان لیگی رہنماؤں پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ان کے کرائے کے پٹھو‘ پہلے ہی عدالت میں شرمندہ ہو چکے ہیں کیونکہ انہوں نے جھوٹے مقدمات کے خلاف کبھی کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔
خبر کا کوڈ : 969354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش