0
Monday 20 Dec 2021 20:40
انتہا پسندی اور دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں

انتہا پسندی کیخلاف پوری دنیا کو متحد ہونا پڑے گا، چودھری سرور

انتہا پسندی کیخلاف پوری دنیا کو متحد ہونا پڑے گا، چودھری سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں انتہا پسندی بڑھ رہی ہے، جس کیخلاف دنیا کو متحد ہونا پڑے گا، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، آر ایس ایس دنیا کی سب سے بڑی انتہا پسند اور دہشتگرد تنظیم ہے اور نریندر مودی ان کی سرپرستی کر رہا ہے، مگر اس پر انسانی حقوق کے عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، دنیا کو ان کی یہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیوں نظر نہیں آتی؟ پاکستان افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلئے بھرپُور کوشش کر رہا ہے، امریکہ کو بھی افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے زیراہتمام  منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے جو نہ صرف کشمیر میں بے گناہوں کو قتل عام کر رہا ہے بلکہ بھارت کے اندر بسنے والے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی نسل کشی بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو نماز جمعہ پڑھنے سمیت دیگر مذہبی آزادی بھی نہیں دی جا رہی، دنیا کو بھارت کے اس کردار پر خاموشی ختم کر کے اس انتہا پسندی اور دہشتگردی کا نوٹس لینا چاہیے، خود سب سے زیادہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کرنیوالا بھارت دنیا میں پاکستان کیخلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے مگر پاکستان نے سفارتی محاذ پر پہلے بھی بھارت کے عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دنیا بھر میں بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جتنا کام ہو رہا ہے، پوری دنیا میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی، انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے میں برداشت کو فروغ دیا جائے، بدقسمتی سے لوگوں میں برداشت ختم ہو رہی ہے، ہر بندہ اپنا نقطہ نظر دوسروں پر نافذ کرنا چاہتا ہے، اگر کوئی کسی کی بات نہ مانے اور کسی کو ووٹ نہ دے تو وہ اس کی جان کا دشمن بن جاتا ہے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایک دوسرے پر فتوے لگانا شروع کر دیتے ہیں، ایسا کسی بھی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، جو معاشرہ تشدد کی طرف چلا جاتا ہے وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا بلکہ وہ صرف اور صرف انتشار اور فساد ہی پیدا کرتا ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسلام کا انتہاپسندی اور دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 969382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش