QR CodeQR Code

ایم کیو ایم پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی بجائے ناز برداری کی جا رہی ہے، منور حسن

6 Sep 2011 23:43

اسلام ٹائمز:امیرجماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا کے ایم کیو ایم پر سنگین الزامات اور سپریم کورٹ میں پیش کی گئی خفیہ اداروں کی رپورٹس کا نوٹس لینے کے بجائے پیپلزپارٹی اسے حکومت میں شامل کرنے کیلئے جس بے تابی کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ قابل مذمت ہے، چیف جسٹس کے ان ریمارکس کے بعد کہ’’ ملک بچاناہے یا حکومت بچانی ہے ‘‘ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قاتلوں، بھتہ خوروں اور ملک دشمنوں کو حکومت میں شامل کرنے سے باز رہے


لاہور:اسلام ٹائمز۔ منصورہ میں وفود سے باتیں کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پر ملک توڑنے اور ٹونی بلیئر کے نام خط میں آئی ایس آئی کو ختم کرانے کے بدلے الطاف حسین پر برطانوی وزیراعظم کو ہر طرح کی یقین دہانی کرانے کے سنگین الزامات کا تقاضا ہے کہ ایم کیو ایم کا موثر علاج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل پہاڑی کے ایم کیو ایم سے تعلق اور بھارت سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کے بعد لندن سیکرٹریٹ کی ہدایات پر ٹارگٹ کلرز کے گروپس منظم کرنے کے اعتراف کے باوجود حکمرانوں نے آنکھیں بند کررکھی ہیں، ملک کے محب وطن عوام حیران وپریشان ہیں کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی ایسی کیا مجبوریاں ہیں کہ جن کی وجہ سے وہ ایم کیو ایم کے واضح جرائم کے باوجود اسے مسند اقتدار پر بٹھانا چاہتی ہے، کیا یہ این آر او کی ڈوری سے بندھے ہونے کا شاخسانہ تو نہیں ؟
سید منور حسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک پاکستان کے وزیر داخلہ ہونے کے بجائے کسی اور کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، انہوں نے ہمیشہ بھارت اور امریکہ کا موقف دہرایا ہے، کراچی میں بدامنی اور قتل و غارت گری کے ذمہ دار گروہوں پر انہوں نے پردہ ڈالے رکھا ہے اور طالبان کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو فوری طور پر وزارت داخلہ سے فارغ نہ کیا گیا اور ذوالفقار مرزا اور لشکری رئیسانی کے الزامات کی عدالتی تحقیقات نہ کروائی گئیں تو دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو جائے گا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں رحمن ملک کی مشکوک سرگرمیوں اور اس کے بلیک واٹر، سی آئی اے اور را کے وکیل صفائی ہونے کا اظہار کیا جنہیں حالات کی خرابی میں ہر طرف طالبان کا ہاتھ نظر آتا ہے جبکہ غیر ملکی ایجنسیوں نے ملک کو اپنی تخریب کاری اور دہشت گردی کا مرکز بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک ہمیشہ دشمن کی زبان بولتے اور آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھے بیرونی قوتوں کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں ایسی قیادت کو ووٹ نہ دیں جنہوں نے ملک کو تباہی کے کنارے پہنچا دیا ہے اس کے بجائے اہل اور دیانتدار قیادت کو منتخب کریں۔


خبر کا کوڈ: 96944

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/96944/ایم-کیو-پر-غداری-کا-مقدمہ-قائم-کرنے-کی-بجائے-ناز-برداری-جا-رہی-ہے-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org