0
Tuesday 21 Dec 2021 12:57

کے پی الیکشن میں عوام نے PDM جماعتوں پر انحصار کیا، احسن اقبال

کے پی الیکشن میں عوام نے PDM جماعتوں پر انحصار کیا، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کے پی الیکشن میں عوام نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) جماعتوں پر انحصار کیا، عوام کو مبارک ہو، عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شکست کا نوٹس لے لیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اور اس کی حکومت نے سارا سال انتقامی کارروائیوں پر کام کیا، عوام سے جھوٹے وعدے کیے اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نیٹو کمانڈر ہیں جو صرف تقریریں کر سکتے ہیں، ایکشن اور عمل نہیں کروا سکتے، عمران خان نے ساری زندگی چندا مانگا ہے، اب انہوں نے عوام کو بھی چندے پر لگا دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر ہم عمران خان کے جھوٹے کیسز کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، سوا 3 سال میں اس حکومت نے مخالفین پر جھوٹے مقدمات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کیلئے ایک فیصد کام نہیں کیا، پورے ملک میں گیس بحران ہے، ہم نے 3 ماہ پہلے پیشگوئی کر دی تھی کہ دسمبر میں بدترین گیس لوڈشیڈنگ ہو گی، چینی کا ٹینڈر منسوخ کر کے اپنے لوگوں کے لیے چینی مہنگے داموں فروخت کروائی، ہر ضرورت کی چیز کو منافع خوروں کو اجازت دے کر سٹہ بازی کرائی گئی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دل بہت رنجیدہ ہے، 2019ء سے مطالبہ کر رہے ہیں بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کیا، حکومت اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کرے نہیں تو کم از کم اسلامی وزراء خارجہ کا اجلاس بلائے۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے اسلامی ممالک نے فنڈ قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، افغانستان کا جتنا ضروری مسئلہ ہے اتنا ہی ضروری کشمیر کا بھی ہے، حکومت اسلامی وزراء اجلاس میں کشمیر کی قرارداد منظور کروانے میں ناکام ہوئی۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ بعض مبصرین نے کہا حکومت نے اجلاس سے پہلے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ کشمیر کا مسئلہ نہیں اٹھائے گی، اقوام متحدہ عمران خان کو خصوصی معاون مقرر کر لے تاکہ چندہ زیادہ اکٹھا ہو سکے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے ریفرنس کی سماعت کی، جس میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر سماعت بنا کارروائی کے 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 969553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش