0
Tuesday 21 Dec 2021 16:50

قرنطینہ مرکز سے کورونا مریضوں کا فرار، کراچی پولیس کو اقدامات کیلئے خط

قرنطینہ مرکز سے کورونا مریضوں کا فرار، کراچی پولیس کو اقدامات کیلئے خط
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں قرنطینہ سینٹرز سے کورونا متاثرہ مریضوں کے فرار ہونے کے متعدد کیسز سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھ کر اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ایک خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ کراچی میں قائم قرنطینہ مراکز سے مریض بھاگ جاتے ہیں، یہ صورتحال حکومت کیلئے ناقابل قبول ہے۔ خط میں ایڈیشنل آئی جی کو بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر تعینات محکمہ صحت کا عملہ مؤثر طریقے سے فرائض انجام دے رہا ہے، یہ طبی عملہ ہر فلائٹ اور ایک ایک مسافر کی جانچ کرتا ہے، اور آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کر دیا جاتا ہے۔ خط میں لکھا گیا کہ قرنطینہ سینٹرز سے بہت سے مریض بھاگ جاتے ہیں، مریضوں کا اسپتالوں سے بھاگ جانا ناقابل قبول ہے، اس لیے نرسری کے قریب ہوٹل میں قائم قرنطینہ سینٹر پر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

خط کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے پولیس حکام سے گورنمنٹ اسپتال سعودآباد، کورنگی، اور لیاقت آباد کے قرنطینہ سینٹرز پر سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سعودی عرب سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والا کورونا متاثرہ مسافر قرنطینہ سے فرار ہوگیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ سوات کا رہائشی متاثرہ شخص نیاز علی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 708 کے ذریعے ریاض سے کراچی پہنچا تھا۔ گزشتہ ہفتے برطانیہ سے آنے والا کھارادر کا رہائشی مسافر مزمل جو اومیکرون سے متاثر تھا، ایک نجی اسپتال سے فرار ہو گیا تھا، تاہم حکام نے اسے پھر سے پکڑ کر قرنطینہ کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 969588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش