QR CodeQR Code

بی جے پی حکومت ہار کے خوف سے چھاپے کی کارروائی کرا رہی ہے، اکھلیش یادو

21 Dec 2021 19:34

اترپردیش کی یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بابا کی حکومت میں نظم و نسق کی حالت کافی خستہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ شیوپال سنگھ یادو کا ساتھ ملنے سے بی جے پی کو اترپردیش میں اپنی ہار یقینی دکھائی دینے لگی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بوکھلاہٹ میں انکے لیڈروں کے گھروں پر انکم ٹیکس کی چھاپے مارنے کی کارروائی کرا رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اپنی ہار یقینی دکھائی دینے لگی ہے۔ اس لئے دہلی سے جانچ افسران بھیجے جا رہے ہیں لیکن ہم سماج وادی پارٹی ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے لاک ڈاؤن میں کام کر کے ملک کی معیشت کو بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی حکومت بننے پر کسانوں کے مفاد میں کام کئے جائیں گے، جن کی نوکری چھینی گئی ہے انہیں احترام ملے گا۔

اترپردیش کی یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابا کی حکومت میں نظم و نسق کی حالت کافی خستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ غریبوں کے حق پر ڈاکہ زنی کر رہے ہیں۔ لکھیم پور تشدد کے سلسلے میں اکھلیش یادو نے یوگی حکومت سے سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ لکھیم پور میں بلڈوزر کب چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مافیا بی جے پی میں ہیں۔ ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ ہم سب ذات پر مبنی مردم شماری چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کی حکومت بننے کے تین مہینے کے اندر ذات پر مبنی مردم شماری کرا کر سب کو آبادی کے مطابق حق دلائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 969607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/969607/بی-جے-پی-حکومت-ہار-کے-خوف-سے-چھاپے-کی-کارروائی-کرا-رہی-ہے-اکھلیش-یادو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org