0
Wednesday 22 Dec 2021 20:54

تبلیغی جماعت پر پابندی غلط، لیکن ملک میں ایسے اقدامات پر خاموشی کیوں؟ ترجمان علامہ ساجد نقوی

تبلیغی جماعت پر پابندی غلط، لیکن ملک میں ایسے اقدامات پر خاموشی کیوں؟ ترجمان علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ علامہ ساجد علی نقوی کے ترجمان نے تبلیغی جماعت پر لگنے والی پابندی پر پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ ملک سے باہر پابندی پر ہم سراپا احتجاج ہو جاتے ہیں، قرارداد بھی منظور کر لیتے ہیں مگر یہی کچھ اس ملک کے اندر ایک عرصے سے ہو رہا ہے، معزز و محترم شہریوں کی توہین، تذلیل و تحقیر کی جاتی ہے، آئے روز شہری آزادیوں پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے، آئینی، جمہوری، مذہبی، سیاسی و سماجی آزادیاں تک سلب کر لی جاتی ہیں۔ بیگناہ لوگوں کو فورتھ شیڈول میں ڈلوایا جاتا ہے مگر کوئی ٹس سے مس نہیں ہوتا، انصاف کیلئے معزز شہری نچلی عدالتوں سے اعلیٰ عدالتوں تک دھکے کھاتے ہیں مگر انصاف عنقا بن جاتا ہے کیا یہ آئینی، جمہوری اور شہری سوچ کی عکاسی ہے؟

ترجمان نے بے جا پابندیوں کے خاتمے، آئینی، شہری اور جمہوری آزادیوں کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ انصاف کیلئے پُرامن احتجاج کی کال پر مجبور نہ کیا جائے، انصاف فراہم کیا جائے اور آئینی، جمہوری اور شہری حقوق بحال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے ہم آئینی، جمہوری اور شہری آزادیو ں کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے ہیں، معزز شہریوں کی تذلیل اور ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے پر بھی منتخب نمائندگان کو آواز بلند کرنی چاہیے۔ ایک عرصہ سے زائد ملک کا انتہائی معتبر و معزز حلقہ غیر آئینی، غیر جمہوری، غیر شرعی اور ناانصافی پر مبنی پابندی کا سامنا کر رہا ہے، مگر اس جانب توجہ نہیں دی گئی، بیرون ملک پابندیوں پر احتجاج اور اعتراض کرنیوالے حضرات کو ملک میں حقوق کی پامالی پر بھی توجہ دینی چاہیے جب تک غیر آئینی اور غیر جمہوری ناانصافی پر مبنی پالیسیوں کا خاتمہ نہیں ہوگا، ملک جمہوری فلاحی ریاست نہیں بن سکتا۔
خبر کا کوڈ : 969691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش