QR CodeQR Code

ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا سندھ بلدیاتی بل کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

22 Dec 2021 21:06

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید اور حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ دشمن جماعت پیپلز پارٹی نے بلدیاتی بل میں ترمیم کرکے سندھ دشمنی اور تعصب کا مظاہرہ کیا ہے، پیپلز پارٹی سندھ کے بلدیاتی بل میں ترمیم کرکے زرداری نظام نافذ کرنا چاہ رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پاکستان تحریک انصاف کے ایک وفد نے حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل واراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے وفد میں رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، بلال غفار، جمال صدیقی اور جنرل سیکریٹری کراچی سعید آفریدی و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وفد آج ایم کیو ایم کے دفتر آیا جس پر ہم انکو تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری آپس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر طویل گفتگو ہوئی ہے، جس میں سندھ دشمن جماعت پیپلز پارٹی نے بلدیاتی بل میں جو ترمیم کرکے سندھ دشمنی اور تعصب کا مظاہرہ کیا ہے، اس کیخلاف ہم مل کر قانونی اور عوامی سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور اس کالے قانون کیخلاف اپنی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایم کیو ایم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں عزت بخشی ہے، پیپلز پارٹی سندھ کے بلدیاتی بل میں ترمیم کرکے جو زرداری نظام نافذ کرنا چاہ رہی ہے انکی یہ خواہش ہم کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس زرداری نظام کیخلاف بھرپور جدوجہد کریں گے اور فیصلہ کن مرحلے میں لیکر جائیں گے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے اس کالے قانون کیخلاف اپنی الگ الگ پٹیشن عدالت میں دائر کی ہیں، جب چیف جسٹس آف پاکستان کراچی تشریف لائیں گے تب ہم اپنے اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ انکے پاس جائیں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ جو ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی آرٹیکل 140-A کے حوالے سے پٹیشن لگی ہے اس کو سنا جائے۔


خبر کا کوڈ: 969777

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/969777/ایم-کیو-اور-پی-ٹی-آئی-کا-سندھ-بلدیاتی-بل-کیخلاف-جدوجہد-جاری-رکھنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org