0
Thursday 23 Dec 2021 23:24

گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے خرچے میں 5 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے خرچے میں 5 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا اور ان کے عملے کے خرچے میں 5 کروڑ روپے سے زائد کا اضافے کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2021-22ء کی دستاویزات کے مطابق پچھلے سال گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کا بجٹ 25 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا، تاہم گورنر کے پی نے گزشتہ سال 25 کروڑ 75 لاکھ روپے زائد خرچ کئے۔ دستاویزات کے مطابق گورنر کے پی  نے اپنے صوابدیدی فنڈ سے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے، اس مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس کے خرچے کے لئے 30 کروڑ روپے سے زائد منظور کئے گئے ہیں جس میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق گورنر ہاؤس کے (یوٹیلیٹی بلز) بجلی، گیس اور ٹیلی فون پر خرچہ تقریباً 4 کروڑ سے بڑھ گیا ہے، اس سال گورنر ہاؤس کے بجلی کے بل کی ادائیگی کے لئے 3 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ منظور کیا گیا۔

پچھلے سال بجلی کے بل میں 2 کروڑ 62 لاکھ روپے جمع کرائے گئے، اسی طرح گیس بل کے لئے پچھلے سال 60 لاکھ روپے رکھے گئے خرچ 87 لاکھ روپے ہوئے، اس سال گیس بل کی ادائیگی کے لئے 90 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، گزشتہ سال ٹیلی فون کے بلوں کی ادائیگی پر 27 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ ہوئے تھے، اس سال مزید 28 لاکھ روپے ٹیلی فون بل کی مد میں بجٹ منظور ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 969983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش