0
Thursday 23 Dec 2021 23:56

ریاست مدینہ میں لوگوں کو رات کی تاریکی میں گھروں سے غائب کیا جا رہا ہے، علامہ شبیر میثمی

ریاست مدینہ میں لوگوں کو رات کی تاریکی میں گھروں سے غائب کیا جا رہا ہے، علامہ شبیر میثمی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت میں لوگوں کو رات کی تاریکی میں گھروں سے غائب کرنا غیر آئینی ہے، عزاداری کیخلاف ایف آئی آرز کے اندراج پر جلد بڑا قدم اٹھائیں گے، نصاب تعلیم میں خاموشی سے کی جانے والی تبدیلیاں کسی صورت قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ضلع لیہ کے موقع پر جامعہ الجعفریہ راجن شاہ میں علمائے کرام و عمائدین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس یو سی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ بھی موجود تھے۔ علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان وطن عزیز میں مظلومین جہان اور عوام کی موثر اور نمائندہ جماعت ہے، جو عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت ملک کے کونے کونے میں سرگرم عمل ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے خلاف شیعہ علماء کونسل کا کردار تاریخ کا نمایاں باب ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت افروز قیادت میں شیعہ علماء کونسل پاکستان فلاحی، سماجی، مذہبی اور سیاسی مدار میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے موجودہ حکمرانوں کی بعض ناقص اور غیر قانونی پالیسی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے ملک بھر میں عزاداری سید الشہداء پر کاٹی گئی ایف آئی آرز کی مذمت کی اور واضح کیا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایات کے مطابق عزاداری سید الشہداء سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداری کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آرز فوری واپس لی جائیں۔ بصورت دیگر مجبوراََ ان کو عوامی اجتجاج کے ذریعے آئینی اور قانونی جدوجہد کا راستہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومت کی غیر مؤثر پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء سے قومی پالیسی تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ قبل ازیں مرکزی وفد نے مرجع سید محمد علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ مجالس و عزداری پہ کوئی قدغن قبول نہیں، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک کی سالیمت کیلئے لازوال قربانیاں دیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لیہ میں شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے مزید کہا کہ مکتب تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے، جو کسی صورت قبول نہیں، ملک میں سنگل نیشنل کریکولم کے نعرہ کے نیچے ملک کو دہشت گردی، فرقہ واریت اور مذہبی انتہاء پسندی کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے، جس کے خطرات منڈلا رہے ہیں، سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات کو روکنا حکومت کے بس میں نہیں ہوگا، لہذا حکومت کو متوجہ کرتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لے اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ قائد ملت جعفریہ کے حکم پہ لبیک کہتے ہوئے ہمہ قسمی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 969989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش