0
Friday 24 Dec 2021 17:28

ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ارباب لیاقت علی ہزارہ

ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ارباب لیاقت علی ہزارہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، تاکہ شہر کو مسائل سے نجات دلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکے۔ کوئٹہ شہر مسائلستان بن چکا ہے۔ جہاں بعض مسلط شدہ عناصر کو عوامی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیشہ اپنی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دیا ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ ایم ڈبلیو ایم وہ واحد جماعت ہے، جس نے کورونا وائرس، ہزارہ نسل کشی، زائرین اور دیگر مسائل کی کٹھن گھڑیوں میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا اور نہ کبھی چھوڑے گی۔ ارباب لیاقت ہزارہ نے کہا کہ سیاست میں جو عوام کے حقوق کا خیال نہیں رکھتے، انہیں عوام کا ترجمان بننے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔

مجلس وحدت مسلمین بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ سیاست میں بے وقت اور بے موقع فیصلے نقصان کا باعث ہوتے ہیں۔ ماضی کی طرح جماعت کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے ٹیم تشکیل دی ہے۔ پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں نے عوامی رابطہ مہم زور و شور سے شروع کر دی ہے۔ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے بھی جانچ پڑتال ہوگی۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹی کے تمام کارکن اور عہدیدار عوامی رابطہ مہم مزید تیز کر دیں، تاکہ مجلس وحدت مسلمین کا پیغام گھر گھر پہنچایا جاسکے۔ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل باہمی سیاسی روابط، رواداری اور ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلنے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے، اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اپنے شہر، صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ہماری جماعت بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل نے سابق صوبائی وزیر آغا رضا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بطور وزیر جو کام کئے ہیں، ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ سیاست میں کوئی بھی چیز آخری نہیں ہوتی، ہمارے ساتھ مختلف پارٹیوں کے رابطے اور گفت و شنید جاری ہے۔ اب تک کی پیش رفت شاندار رہی ہے۔ سیاسی طور پر ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ آغا رضا نے اپنی دور حکومت میں بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب جو کام کئے، عوام خود ان کے معترف ہیں اور موجودہ نااہل مسلط شدہ عناصر کا مکروہ چہرہ سب کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ صرف ایک ہی ایسی جماعت ہے، جس نے عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا اور نہ کبھی چھوڑے گی۔ اس لئے اب عوام ایک بار پھر ایم ڈبلیو ایم کا ساتھ دیکر اپنے مسائل کے حل کی بنیاد رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 970071
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش