0
Friday 24 Dec 2021 18:32

دین اسلام امن، سلامتی اور رواداری کا درس دیتا ہے، حافظ طاہر اشرفی

دین اسلام امن، سلامتی اور رواداری کا درس دیتا ہے، حافظ طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین کل مسالک علما بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو دیگر ممالک کی نسبت بہتر حقوق حاصل ہیں اور ملک میں اقلیتیں آزادانہ انداز سے رہ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ کے ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں کرسمس اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن، سلامتی اور رواداری کا درس دیتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محبت اور اخوت کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے اسلامی معاشرے کے اصل تشخص کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ہونیوالے واقعے پر پوری قوم کو افسوس ہے اور اس واقعے کے مرتکب افراد کا نہ تو دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی ایسے عناصر ملک سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کو یہ اجازت نہیں کہ وہ اپنے مزموم مقاصد کی خاطر قانون کی دھجیاں اڑائیں اور ایسے افراد کیخلاف ہر ممکن کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آج کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس سے مختلف مذاہب میں ہم آہنگی کا جذبہ فروغ پائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اپنے طلبا کی سماجی تربیت کے حوالے سے ہمیشہ انہیں مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے مواقع فراہم کرتا ہے اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس موقع پر بشپ آف لاہور ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک، چیئرپرسن مائنارٹی ایڈوائزری کونسل جیکولین ٹرسلر، سینئر ایگزیکٹیو ممبر برائے بین المذاہب امن کمیٹی امر ناتھ رندھاوا نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین یونیک گروپ عفیف اشرف صدیقی ، ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری اور وائس پرنسپل آر اینڈ ڈی پروفیسر ریاض الحق اور مسیحی سٹاف سمیت اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جبکہ اختتام پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 970082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش