QR CodeQR Code

کرسمس کے تہوار پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی

25 Dec 2021 11:51

ایس یو سی کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملک کی تشکیل میں تمام مکاتب و مسالک سمیت مسیحی برادری نے بھی بانی پاکستان کی اس جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 25 دسمبر کرسمس کے تہوار کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں اقلیتی برادری کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیازی سلوک کا احساس نہ ہونے دیا جائے اور ہر حال میں ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ عرصہ دراز سے طبقاتی تفاوت، عدم مساوات اور عدل و انصاف کا فقدان چلا آرہا ہے جس کا بنیادی سبب حکمران طبقات کی غیر سنجیدہ روی سمیت اپنے فرائض منصبی کو درست انداز میں انجام نہ دینا ہے جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے لازم ہے کہ حکمران طبقات اچھے اور بروں کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے بگاڑ، انتشار اور انارکی کا خاتمہ ہوسکے۔ ظالم و مظلوم، قاتل و مقتول، شدت پسندوں و امن پسندوں میں فرق کئے بغیر توازن کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا رہ کر کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔


خبر کا کوڈ: 970117

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970117/کرسمس-کے-تہوار-پر-تمام-مسیحی-برادری-کو-مبارکباد-پیش-کرتے-ہیں-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org