0
Friday 24 Dec 2021 23:51

غاصب یہودی آبادکاروں کیساتھ مقابلے کیلئے تیار ہو جاؤ، فلسطینی مزاحمتی محاذ کا اعلان

غاصب یہودی آبادکاروں کیساتھ مقابلے کیلئے تیار ہو جاؤ، فلسطینی مزاحمتی محاذ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ فلسطین و مغربی کنارے میں غاصب صیہونی فوجیوں و یہودی آبادکاروں کی جارحیت میں اضافے پر فلسطینی مزاحمتی محاذ نے سب کو تیار رہنے کی نصیحت کر دی ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں الجہاد الاسلامی فی فلسطین اور حماس کی جانب سے جاری ہونے والے الگ الگ بیانات میں مغربی کنارے میں جھڑپوں، فلسطینیوں کی گرفتاریوں اور ان پر صیہونیوں کے حملوں میں اضافے پر فلسطینی قوم کو اتحاد اور صیہونی دہشتگردانہ اقدامات کے مقابلے کے تیار رہنے کی نصیحت کی گئی ہے۔

فلسطین الیوم کے مطابق جہاد اسلامی کے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے آج محمد عمارنہ کو شہر جنین کے یعبد نامی قصبے سے اس کی تازہ آزادی کے چند روز بعد ہی دوبارہ گرفتار کر لیا ہے جبکہ غاصب صیہونی رژیم فلسطینیوں کے خلاف قابض یہودی آبادکاروں کے دہشتگردانہ اقدامات کو بھی لگام ڈالنے سے عاجز ہے درحالیکہ فلسطینی عبوری حکومت کا سکیورٹی و انٹیلجنس نظام بھی مکمل طور پر صیہونیوں کی خدمت میں جتا ہوا ہے۔ جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس صورتحال میں فلسطینی عوام کو خود ہی ناجائز گرفتاریوں اور قابض یہودی آبادکاروں کے دہشتگردانہ اقدامات کا بھرپور مقابلہ کرنا ہو گا خاص طور پر ایسے اقدامات کا جو غاصب صیہونی فوجیوں کی مکمل حمایت کے ساتھ انجام پاتے ہیں جن میں سے ایک نابلس کے برقہ نامی گاؤں میں وقوع پذیر ہوا تھا جس کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں کی مکمل حمایت میں یہودی آبادکاروں نے گاؤں میں گھس کر وسیع تخریب کاری کی تھی۔

جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں آج رام اللہ میں "غدیر فقہاء مسالمۃ" نامی 63 سالہ فلسطینی خاتون پر ہونے والے قابض یہودی آبادکار کے حملے کی جانب بھی اشارہ کیا جس کے دوران ایک غاصب یہودی آبادکار نے معمر فلسطینی خاتون کو اپنی گاڑی کے ذریعے کچل کر رکھ دیا تھا، اور کہا کہ غاصب صیہونی رژیم نے قابض یہودی آبادکاروں کو نہتے فلسطینیوں کے خلاف انواع و اقسام کے جرائم انجام دینے، تخریب کاری اور قتل و غارت کا بازار گرم کرنے کے لئے ڈھیل دے رکھی ہے۔ واضح رہے کہ اس معمر فلسطینی خاتون کا جنازہ آج فلسطینی شہر رام اللہ میں غم و غصے میں بھرے سینکڑوں فلسطینی شہریوں کی جانب سے اٹھایا گیا جس کے دوران غاصب صیہونی رژیم اور قابض یہودی آبادکاروں کے خلاف نعروں کے ساتھ ساتھ تمام صیہونی دہشتگردانہ اقدامات کے خلاف بھرپور مزاحمت کا عزم بھی دہرایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 970135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش