QR CodeQR Code

ملکی دفاعی پروگرام پر کسی سے اجازت کی ضرورت ہے اور نہ ہی اس بارے کسی کیساتھ مذاکرات کرینگے، ایران

24 Dec 2021 23:54

خبرنگاروں کیساتھ گفتگو میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملکی اندرونی معاملات میں مداخلت پر مبنی برطانوی بیان کو سختی کیساتھ مسترد کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایران اپنے دفاعی پروگرام کے حوالے سے کسی کی اجازت کا محتاج ہے اور نہ ہی اس بارے کسی کیساتھ مذاکرات کریگا


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ملکی دفاعی صلاحیتوں کے بارے اندرونی معاملات میں مداخلت پر مبنی حالیہ برطانوی بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔ خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں سعید خطیب زادہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دفاعی پروگرام کے حوالے سے ایران کسی کی اجازت کا محتاج ہے اور نہ ہی وہ اس حوالے سے کسی کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران عالمی قوانین و ضوابط کے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق عمل پیرا ہے لہذا اس جیسے بیانات نہ صرف ایران کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کے زمرے میں آتے ہیں بلکہ لندن کی دوغلی سیاست کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق، آبنائے ہرمز پر منعقد ہونے والی پیامبر اعظم(ص) 17 نامی سپاہ پاسداران کی حالیہ فوجی مشقوں میں ایک ساتھ 16 بیلسٹک میزائلوں کے فائر کئے جانے پر برطانوی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے متنازعہ بیان کے جواب میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی جوہری پروگرام ہزاروں گھنٹوں کی نگرانی اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی متعدد انسپکشنز کی گواہی کے مطابق مکمل طور پر پرامن ہے درحالیکہ ایران جوہری توانائی سے کسی بھی قسم کا فوجی استعمال کرتا ہے اور نہ ہی اپنے میزائل پروگرام کو فوجی جوہری اہداف کے لئے ڈیزائن کر رہا ہے۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ برطانوی خود کسی بھی دوسرے فریق سے بڑھ کر جانتے ہیں کہ ایرانی جوہری پروگرام کا سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے ساتھ کوئی تعلق نہیں جبکہ برطانیہ خود اس قرارداد کی غلط تفسیر کر کے اس کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 970139

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970139/ملکی-دفاعی-پروگرام-پر-کسی-سے-اجازت-کی-ضرورت-ہے-اور-نہ-ہی-اس-بارے-کیساتھ-مذاکرات-کرینگے-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org