0
Saturday 25 Dec 2021 12:11

قائداعظم قول کے سچے، کردار کے کھرے رہبر تھے، شہباز شریف

قائداعظم قول کے سچے، کردار کے کھرے رہبر تھے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے 145ویں یوم پیدائش قائداعظم پر بابائے قوم کو  خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے یوم پیدائش پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتی ہے، قائداعظم  قول کے سچے، دُھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے۔
 
میاں شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، ان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، تاریخ نے ثابت کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے الگ وطن کے خواب کو سچ کردکھایا، عظیم قائد نے اپنی تمام زندگی پاکستان کے مقصد کیلئے وقف کی، قوم اپنےمحسن کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا، پاکستان بنانے کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے معاشی حقوق کا تحفظ اور فروغ تھا۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی، جوگندر ناتھ منڈل کا پہلی کابینہ میں شامل ہونا، اس سوچ کا واضح اظہار تھا، قائداعظم نے سیاسی اصولوں، ریاستی امور کار اور حقوق کے معاملے میں مسلم اور غیر مسلم کا فرق نہیں کیا، بلکہ پاکستانی ہونے کا اصول اپنایا جبکہ قائداعظم نے خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کی، محترمہ فاطمہ جناح کی قیادت میں دیگر خواتین نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن محاسبے کا دن ہے، کہ ہم نے بابائے قوم کے فرمودات اور نظریات پر کتنا عمل کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف  کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرکے رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 970222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش