QR CodeQR Code

کوئٹہ، پولیس کیجانب سے آپریشن کے دوران 2 اغوا کار ہلاک

25 Dec 2021 16:38

پولیس کے مطابق مبینہ اغوا کاروں نے مقامی تاجر کے بیٹے کو اغوا کے بعد قتل کردیا تھا۔ تفتیش کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جسکی نشاندہی پر باقی اغوا کاروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان پولیس نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک مقابلے کے دوران دو اغوا کاروں کو ہلاک کردیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان ایک تاجر کے نوجوان بیٹے کے اغوا میں ملوث تھے۔ جس کی رہائی کے بدلے ملزمان نے لواحقین سے تین کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔ پولیس کے مطابق مارے گئے ملزمان کا ایک ساتھی پولیس کی حراست میں تھا، جس کی نشاندہی پر اس کے باقی مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوئٹہ کے تھانہ منظور شہید کی حدود میں مشرقی بائی پاس پر سی آئی اے پولیس نے چھاپہ مارا۔ کیس کے تفتیشی افسر اکرم لغاری کے مطابق ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس سے ان کا اپنا ساتھی عبدالسخی مارا گیا۔ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں مطلوب ملزم غوث الدین کو بھی ہلاک کر دیا گیا، جبکہ ان کے باقی دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان نے دو ماہ قبل کوئٹہ کے علاقے سرکی کلاں کے رہائشی تاجر محمد عمر کے 23 سالہ بیٹے طالبعلم امان اللہ کو غوث آباد میں ایک کباب کی دکان کے باہر سے اغوا کیا تھا اور رہائی کے بدلے لواحقین سے تین کروڑ تاوان مانگے تھے۔ جس میں سے پندرہ لاکھ روپے وصول بھی کیے۔ تفتیشی افسر کے مطابق اغوا کا مقدمے تھانہ انڈسٹریل میں درج کرکے تفتیش سی آئی اے کے سپرد کی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم عبدالسخی کا سراغ لگا کر اسے 30 نومبر کو غوث آباد سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم عبدالسخی نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے مغوی امان اللہ کو لنک بادینی روڈ پر ایک کرایے کے مکان میں رکھا تھا۔ ملزم کے مطابق مغوی امان اللہ نے انہیں پہچان لیا تھا۔ اس لیے انہوں نے اسے قتل کرکے لاش اسی کرائے کے مکان کے گٹر میں پھینک دی۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے یکم دسمبر کو مغوی کی لاش برآمد کی تھی۔ ہلاک اغوا کاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کی جاچکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 970257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970257/کوئٹہ-پولیس-کیجانب-سے-آپریشن-کے-دوران-2-اغوا-کار-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org