QR CodeQR Code

معاشرہ کے اندر اتحاد و یکجہتی ہو تو نیکیاں پروان چڑھیں گی، مولانا انیس الرحمن قاسمی

25 Dec 2021 20:24

آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلی چیز احساس اور بیداری ہے، اگر احساس نہ ہو تو وہ قوم زندہ ہونے کے باوجود مردہ ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی کی صدارت میں پٹنہ، مظفرپور، سیتامڑھی اور بتیا کا تعلیمی، دعوتی و اصلاحی دورہ کیا گیا۔ پٹنہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا انیس قاسمی کہا کہ معاشرہ کی اصلاح کرنے کو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کہتے ہیں، جس کی ترغیب اللہ اور رسول پاک (ص) نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشرہ کے اندر اتحاد و یکجہتی ہے تو نیکیاں پروان چڑھیں گی اور خیر کے کام زیادہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتحاد و یگانگت کی جگہ اختلاف و انتشار ہے تو فتنہ و فساد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر افراد، گروہ و جماعت کے درمیان الفت و محبت کے رشتے کمزور ہوں گے، دلوں میں نفرت و کدورت پیدا ہوگی، تحقیر و تذلیل کا ماحول پیدا ہوگا اور افراد و گروہوں میں توہین آمیز ناموں سے پکارنے کا رواج ہوگا تو یہی قوم کا انحراف و تباہی ہے۔

مولانا انیس الرحمن قاسمی نے مزید کہا کہ علم ہمیں خوشحالی کی منزل تک لے جاتا ہے، کسی بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا دار و مدار اسی علم پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم انسان کو جہالت اور گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر بیداری و آگاہی کی روشنی میں لاتا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے تئیں عوامی بیداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بیداری اسی وقت ہوسکتی ہے، جب ہر شخص اسے اپنی ذمہ داری کے بارے میں ذمہ دار ہو، وہ خوبی اور خرابی کو سمجھے، اس کا علم رکھے کہ معاشرہ کی خوبی کیا ہے اور اس کی خرابی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلی چیز احساس اور بیداری ہے، اگر فرد اور سماج حساس اور بیدار ہوجائے تو پھر اصلاح ہوسکتی ہے اور اگر قوم کے اندر خرابی اور نقصان کا احساس نہ ہو تو وہ قوم زندہ ہونے کے باوجود مردہ ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 970267

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970267/معاشرہ-کے-اندر-اتحاد-یکجہتی-ہو-نیکیاں-پروان-چڑھیں-گی-مولانا-انیس-الرحمن-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org