0
Saturday 25 Dec 2021 21:38

مسلمانوں کو قتل عام کی دھمکی دینا شرمناک ہے، ڈاکٹر منظور عالم

مسلمانوں کو قتل عام کی دھمکی دینا شرمناک ہے، ڈاکٹر منظور عالم
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ہریدوار کے ہندو دھرم سنسد میں جس طرح مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی گئی ہے یہ ہے ملک کی پیشانی پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو قتل عام کی دھمکی دی گئی ہے جو درحقیقت بھارت کے آئین کو چیلنج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف فوری ایکشن لے، پولس اہلکار کو ہدایات جاری کئے جائیں اور قتل عام کی دھمکی دینے والے تمام شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف پنپنے والی یہ ذہنیت ملک کے لئے سنگین خطرہ ہے، اس سے آپسی بھائی چارہ ختم ہوگا اور نفرت کی ذہنیت آگے بڑھے گی۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ملک کے سیکولر ہندؤوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سامنے آئیں اور ایسے واقعات پر روک لگائیں اور تحریک چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اس حوالے سے ابھی تک ملک کے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، پولس اور عدلیہ کے ساتھ ملک کے اکثریت کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کے ایسے عناصر کے خلاف مہم چلائیں، سماج کو اس کے اثر میں آنے سے روکیں، ملک کو برباد کرنے والے عناصر کے خلاف عملی اقدامات کریں کیوں کہ یہ جمہوری اور سیکولر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اقلیت کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کے لئے سب سے پہلے اکثریت کو فکرمند ہونا چاہیئے۔

آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ مذہب کے نام پر دہلی میں جس طرح ہندو راشٹر کے لئے ہندؤوں کو حلف دلایا گیا اور تلوار اٹھانے کا وعدہ کرایا گیا ہے یا پھر ہریدوار میں جس طرح دھرم سنسد میں مسلمانوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی کی گئی یہ بھارت کی پیشانی پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر سخت کاروائی ضروری ہے اور حکومت کو پہلی فرصت میں ایسے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت کی بدنامی ہوگی اور یہ لوگ اتنے بے قابو ہوجائیں گے کہ جو لوگ آج ان کی پشت پناہی کررہے ہیں، کل انہیں کو یہ سب سے پہلے اپنا نشانہ بنائیں گے۔ ڈاکٹر محمد منظور عالم کا مزید کہنا تھا کہ یہ سیکولر ملک ہے، آئین اور دستور میں تمام اقلیتوں اور شہریوں کو یکساں حقوق دیئے گئے ہیں اس طرح کے بیانات شرمناک ہیں جس کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 970271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش