0
Saturday 25 Dec 2021 20:03

ڈی آئی خان، کرسمس اور یوم قائد کی خصوصی تقریبات کا انعقاد

ڈی آئی خان، کرسمس اور یوم قائد کی خصوصی تقریبات کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے زیر اہتمام 25 دسمبر یوم قائداعظم اور کرسمس ڈے کے حوالے سے عاطف شہید پارک میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ عامر لطیف، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج شوکت عباس اور وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ تقریب میں سٹیشن کمانڈر ڈیرہ کے علاوہ تاجر تنظیموں کے نمائندے، علماء کرام، معززین علاقہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، طلباء و طالبات شریک تھے۔ تقریب میں تعلیمی اداروں کے طلباء نے قائداعظم کے حوالے سے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کئے، جس میں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر زور دیا گیا۔ تقریب کے موقع پر پادری چن مسیح نے کرسمس کے حوالے سے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، تقریب میں سرکاری و نجی سکولوں کے طلباء و طالبات کے مابین انگریزی اور اردو کے تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، ہم سب کو ملکر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے سوچنا ہے۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان کی تکمیل کیلئے کام کرنا ہے۔ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو بھی برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ کمشنر ڈیرہ عامر لطیف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، ان کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے پیغام کو نوجوان نسل تک پھیلانا ہے۔ قیام پاکستان میں اقلیتوں کا بھی اہم کردار تھا۔ ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے، اقلیت ہمارے قومی وجود کا حصہ ہے۔ تقریب کے موقع پر معروف خطاطوں و مصوروں کے فن پاروں کے ساتھ طلباء و طالبات کی جانب سے قائد اعظم اور دیگر موضوعات کی بنائی گئی پینٹگز کے مقابلے اور تصویری نمائش پیش کی گئی جبکہ مقامی کاریگروں کی جانب سے لکڑی اور دیگر دستکاریوں و فن پاروں کی نمائش پیش کی گئی اور تصویری مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے گئے۔ تقریب کے آخر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے حوالے سے کیک بھی کاٹے گئے۔

علاوہ ازیں ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی ہدایت پر مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کرسمس پر مبارکباد کیلئے اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ایس پی جاوید خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اصغر علی شاہ، ڈی ایس پی فضل رحیم خان لائن آفسر شاہجہان و دیگر پولیس افسران کے ساتھ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ڈیرہ جاوید خان نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین کے ساتھ مل کر ان کے مذہبی تہوار کرسمس ڈے کہ موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کیک کاٹا۔ تقریب کا مقصد مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یہ باور کرانا تھا کہ جس طرح آئین پاکستان مسلمان سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی، ثقافتی آزادی دیتا ہے، اسی طرح ڈیرہ پولیس بھی اقلیتی برادری کے مذہبی تہوار اور ان کی ثقافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور ان کی معاشرے میں مذہبی آزادی کو اسی پیمانے میں دیکھا جاتا ہے، جس طرح کسی دوسرے پاکستانی کو اس کی مذہبی آزادی حاصل ہے۔ یاد رہے کہ کرسمس کی مناسبت سے شہر بھر کے گرجا گھروں میں صبح خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ 
خبر کا کوڈ : 970276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش