0
Sunday 26 Dec 2021 09:29

لاہور، وحدت سیکرٹریٹ میں یوم قائدؒ کی مناسبت سے تقریب

لاہور، وحدت سیکرٹریٹ میں یوم قائدؒ کی مناسبت سے تقریب
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں بابائے قوم کی یوم پیدائش کی سلسلے میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی عارف الجانی، صوبائی سیکرٹری سید حسین زیدی، ضلعی سیکریٹریز و کارکنان نے کیک کاٹا۔ تقریب میں مقررین نے قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت و بے مثل قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہمیں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کا پاکستان چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے قیام کے فقط دو اہم مقاصد ہیں، ایک قائد و اقبال کے پاکستان کے قیام کیلئے عملی جدوجہد اور دوسرے اتحاد بین المسلمین۔
 
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں شاز و نادر ہی قائداعظم محمد علی جناح جیسی بلند سوچ اور فکر انگیز شخصیت مشاہدے میں آتی ہے، ایسی شخصیت کہ جو ایک قوم کی تشکیل کرے اور کرہ ارض کے نقشے پر ایک آزاد مملکت کا وجود ظاہر کر دے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ مسلمانوں کیلئے آخری منزل ہے، ریاست مدینہ کے حصول کیلئے پہلے مرحلے پر قائد و اقبال کی مملکت کا قیام لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی شہری قائداعظم کے پاکستان کیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور کمر بستہ ہوکر مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے آمادہ ہو جائیں تو ان شاءاللہ وہ وقت بھی قریب تر ہو جائے گا کہ کلمہ طیبہ، اللہ ج اور اُس کے پیارے حبیب خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریاست کی شبیہہ پاکستان میں دیکھنے کو میسر ہوگی۔ تقریب میں قائد اعظم محمد علی جناح اور شہدائے ملت پاکستان کیلئے فاتحہ خوانی اور مادر وطن پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 970347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش