0
Sunday 26 Dec 2021 19:26

چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا، راغب نعیمی

چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے، پاکستان اسلام کے نام پر اور قائداعظم کی جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا۔ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، قائداعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی زندگی جرات، ان تھک محنت، دیانت داری، عزمِ مصمّم، حق گوئی کا حسین امتزاج تھی، برصغیر کی آزادی کیلئے بابائے قوم کا موقف دو ٹوک رہا، نہ کانگریس انھیں اپنی جگہ سے ہلا سکی نہ انگریز سرکار ان کی بولی لگا سکی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ تقریری مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر سلیمان قادری، پروفیسر عبدالستار شاکر، مولانا غلام یاسین قادری، مولانا مسعود احمد سیالوی، مولانا محب الرسول نوری، ماسٹر محمد اشفاق احمد، صدر بزم نعیمیہ سید بلال شاہ سمیت اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علامہ راغب نعیمی نے مزید کہا کہ قائد کے زریں اصول اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ قائدِ اعظم نے جمہوریت، آزادی، مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر ریاست کا تصور دیا اور اس کی بنیاد رکھی۔ قائد کے عظیم سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ہم ملک کو ترقی و خوشحالی کا محور و مرکز بنا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 970421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش