QR CodeQR Code

اسلامی مزاحمتی محاذ کیساتھ ہمارے تعلقات پر ترکی المالکی یوں خفا ہیں کہ جیسے وہ اسرائیلی ترجمان ہوں، محمد البخیتی

27 Dec 2021 19:23

یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے مرکزی رہنماء نے سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کیجانب سے انصاراللہ یمن کے لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کیساتھ تعلقات پر تنقید کے جواب میں تاکید کی ہے کہ کوئی اسلامی مزاحمتی محاذ کیخلاف سعودی ترجمان کی تنقید سنے تو اسے لگتا ہے کہ جیسے وہ اسرائیلی ترجمان کی گفتگو سن رہا ہے!


اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصارللہ کے مرکزی رہنماء محمد البخیتی نے متحدہ اسلامی مزاحمتی محاذ کے ساتھ یمن کے دوستانہ تعلقات پر جارح سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی المالکی کی گفتگو سے لگتا ہے کہ وہ سعودی فوج کے نہیں بلکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان ہیں۔ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے گذشتہ روز اپنی پریس کانفرنس کے دوران اسلامی مزاحمتی محاذ کے ساتھ استوار یمنی تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے ایک مبینہ ویڈیو کلپ دکھایا تھا جس میں حزب اللہ لبنان کا ایک ماہر یمنی انٹیلیجنس چیف ابو علی الحاکم کو بریفنگ دیتے نظر آ رہا تھا جس کے جواب میں ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں محمد البخیتی نے لکھا کہ جارح سعوی فوجی اتحاد کے ترجمان نے ایک جعلی و ڈب شدہ ویڈیو کے ذریعے یمن پر لبنانی مزاحمتی محاذ کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اس کام کے دوران انہیں شرم تک محسوس نہ ہوئی۔

اپنے پیغام میں انصاراللہ یمن کے مرکزی رہنماء نے لکھا کہ متحدہ اسلامی مزاحمتی محاذ میں شریک ممالک پر سعودی فوج کے ترجمان کی جانب سے کی جانے والی تنقید سن کر کسی بھی شخص کو لگتا ہے کہ جیسے وہ اسرائیلی فوج کے ترجمان کی گفتگو سن رہا ہے! انہوں نے اپنے ایک علیحدہ پیغام میں لکھا کہ لبنانی مزاحمتی محاذ کے ساتھ ہمارے تعلقات کو ثابت کرنے کے لئے سعودی فوج کے ترجمان کو جعلی ویڈیو کلپ کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم خود اعلان کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی اتحاد کے خلاف متحدہ مزاحمتی محاذ میں ہم سب ایک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 970597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970597/اسلامی-مزاحمتی-محاذ-کیساتھ-ہمارے-تعلقات-پر-ترکی-المالکی-یوں-خفا-ہیں-کہ-جیسے-وہ-اسرائیلی-ترجمان-ہوں-محمد-البخیتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org