QR CodeQR Code

ملک کی قسمت بدلنے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سندھ کی قسمت تو بدلیں، علی زیدی

27 Dec 2021 21:00

ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جن جماعتوں کے اندر موروثی سیاست ہے، ان کے منہ سے جمہوریت کا راگ اچھا نہیں لگتا، پہلے اپنی جماعت کے اندر جہوریت قائم کریں، پھر ملک کے جمہوری نظام کی باتیں کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان زرداریوں نے پہنچایا، ملک کی قسمت بدلنے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سندھ کی قسمت تو بدلیں۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی پر بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں برسراقتدار ٹولے کی وجہ سے آج سندھ کے عوام کرب سے گذر رہے ہیں، سندھ میں تیس سال سے یہ لوگ اقتدار میں ہیں، ان کی سرپرستی میں سندھ میں کرپشن اور اقرباء پروری عروج پر ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب صرف اندرون سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے اور پیپلز پارٹی کو قومی سیاست سے نکالنے میں بڑا کردار آصف علی زرداری کا ہے، بدقسمتی سے پیپلز پارٹی کے اندر زرداری سے آگے کی سوچ ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن جماعتوں کے اندر موروثی سیاست ہے، ان کے منہ سے جمہوریت کا راگ اچھا نہیں لگتا، پہلے اپنی جماعت کے اندر جہوریت قائم کریں، پھر ملک کے جمہوری نظام کی باتیں کریں۔

علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو پتہ ہونا چاہیئے کہ ان کے والد آصف علی زرداری نے قومی دولت لوٹی اور وہ اسی لوٹی ہوئی دولت پر پلے بڑے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول ملک کی معاشی حالت درست کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن عوام ان کے والد سے لوٹی ہوئی دولت واپس چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام کو آج ٹو پارٹی سسٹم سے چھٹکارا دلانے والی پی ٹی آئی ہے۔ انہوں کہا کہ تحریک انصاف نے ملک سے کرپشن، دہشت گردی اور دھاندلی کا خاتمہ کیا، عوام کو ایک مضبوط انتخابی نظام کا تحفہ دیا ہے اور اسی مضبوط انتخابی نظام سے بلاول اور زرداری کو پریشانی ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت سے انہیں آج اس لئے گھبراہٹ ہے کہ ان کے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 970607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970607/ملک-کی-قسمت-بدلنے-کا-دعوی-کرنے-والے-پہلے-سندھ-بدلیں-علی-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org