QR CodeQR Code

حکومت نے وعدوں پر عمل نہ کیا، تو خود ماہیگیروں کیساتھ سمندر کا رخ کرینگے، مولانا ہدایت الرحمان

28 Dec 2021 16:35

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں حق دو تحریک کے رہنماء نے کہا ہے کہ اگر صوبائی حکومت نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے تو احتجاج کا راستہ اپنائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ ماہیگیروں کے ہمراہ زیرو پوائنٹ پر دھرنا دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبائی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرے وگرنہ ضلع بھر کے ماہی گیروں کو پسنی زیرو پوائنٹ پر جمع کرکے دھرنا دینے کے بعد ٹرالر مافیا کے خلاف خود سمندر کا رخ کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں 32 دنوں کے دھرنے کے بعد غیر قانونی ٹرالروں پر فقط چند ہفتے سختی کی گئی، جس سے مقامی ماہی گیروں کے چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے تھے، لیکن ایک مرتبہ پھر ٹرالروں کی نمبرنگ شروع کرکے انہیں ساحل بلوچستان پر مسلط کیا جارہا ہے اور گڈانی سے لے کر جیونی تک دوبارہ غیر قانونی ٹرالر دیکھے جا رہے ہیں۔ شاید صوبائی حکومت اور وزارت فشریز یہ سمجھ رہی ہے کہ ہم تھک گئے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرکے ٹرالروں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔ اگر دو دنوں تک ٹرالروں کی روک تھام نہیں کی گئی، تو ضلع بھر کے ماہی گیروں کو جمع کرکے پسنی زیرو پوائنٹ پر دھرنا دوںگا۔ دھرنے کے بعد ماہی گیروں کو لے کر سمندر کے اندر غیر قانونی ٹرالنگ کرنے والے ٹرالروں سے اپنی طاقت سے نمٹ لیںگے۔


خبر کا کوڈ: 970782

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970782/حکومت-نے-وعدوں-پر-عمل-نہ-کیا-خود-ماہیگیروں-کیساتھ-سمندر-کا-رخ-کرینگے-مولانا-ہدایت-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org