0
Tuesday 28 Dec 2021 22:48

مسالک اور فرقوں میں تقسیم پوری ملّتِ اسلامیہ کے لیے تباہی بن گئی ہے، لیاقت بلوچ

مسالک اور فرقوں میں تقسیم پوری ملّتِ اسلامیہ کے لیے تباہی بن گئی ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، سیکریٹرل جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں مجمع تقریب مذاہب اسلامی ایران کے سیکریٹرل جنرل آیت اللہ حمید شہریاری، مجلس خبرگان ایران کے سینئر ممبر مولوی نذیر احمد سلامی سے ملاقات میں کہا کہ اتحادِ اُمت، عالمِ اسلام کو درپیش بحرانوں سے نجات دِلاسکتا ہے۔ مسالک اور فرقوں میں تقسیم پوری ملّتِ اسلامیہ کے لیے تباہی بن گئی ہے۔ کشمیر، فلسطین اور عالمِ اسلام کے دیگر ممالک میں استعماری واستکباری قوتوں کے مسلّط کردہ ظلم سے نجات عالمِ اسلام کی مشترکہ پارلیمنٹ، مشترکہ دفاعی اور اقتصادی لائحہ عمل سے ممکن ہوسکتی ہے۔ علما، دینی سکالرز، منبر و محراب کے خطیب حضرات اور مشائخِ کرام کو جوہری اور قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان، ایران اور افغانستان خطہ میں اہم ترین اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں۔ تینوں ممالک کی حکومتوں، عوام اور علما و دانش وروں میں قریبی تعلق اتحادِ اُمت کا دروازہ کھولے گا۔
 
بعدازاں لیاقت بلوچ نے سیاسی کارکنان کے بڑے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ملک بحران در بحران اور تہہ در تہہ زوال کا شکار ہے۔ سیاسی، دینی قیادت کو اپنی اپنی غلطیاں تسلیم کرنا ہوں گی۔ سیاست اور اپنی تمام سرگرمیوں کو آئین، جمہوری پارلیمانی اقدار اور قیامِ پاکستان کے مقاصد اور اصولوں سے ہم آہنگ بنانا ہوگا۔ زور زبردستی، انتخابات کی چوری، مال و دولت اور ڈیل و ڈھیل کے فارمولے تباہی اور بربادی ہیں۔ شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کوئی جھولی میں نہیں ڈالے گا۔ جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار نے پاکستانی معیشت کو ایسی سُرنگ میں داخل کردیا ہے جس کے آخر میں بھی کوئی روشنی نہیں۔ مہنگائی نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی ٓئی کو آٹے دال کا بھاؤ بتا دیا ہے۔ اقتصادی بحران 2023ء میں عمران خان سرکار کا دھڑن تختہ کردے گا۔ آئین کی بالادستی اور قرآن و سنت کا نظام ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات دہندہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 970816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش