QR CodeQR Code

حماس کیجانب سے محمود عباس بینی گینٹز ملاقات کی شدید مذمت

29 Dec 2021 18:36

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی رژیم کے وزیر جنگ کیساتھ فلسطینی حکومت کے سربراہ کی ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوامی انتفاضے کی کمر میں خنجر قرار دیا اور تاکید کی کہ محمود عباس حکومت کا یہ اقدام، غاصب صیہونی رژیم کیساتھ دوستانہ تعلقات کیخلاف فلسطینی قوم کے موقف کو کمزور کرنیکا باعث ہے


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے الفتح کی فلسطینی عبوری حکومت کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے وزیر جنگ بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوامی انتفاضے کی کمر میں خنجر قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ عبوری فلسطینی حکومت کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے وزیر جنگ بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات کو تمام محب وطن فلسطینیوں کی جانب سے مسترد کیا جاتا ہے جبکہ عبوری فلسطینی حکومت ہمارے فلسطینی عوام کے قومی جذبے سے عاری ہو چکی ہے۔

حماس کے ترجمان نے اپنے مذمتی پیغام میں لکھا کہ غاصب صیہونی رژیم کے وزیر جنگ کے ساتھ فلسطینی حکومت کے سربراہ کی یہ ملاقات؛ مغربی کنارے کی ہماری عوام پر غاصب یہودی آبادکاروں کے حملے اور مقبوضہ مغربی کنارے کے عوامی انتفاضے کی کمر میں خنجر کے مترادف ہے۔ حازم قاسم نے اپنے پیغام میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عبوری فلسطینی حکومت کے اس اقدام نے فلسطین میں موجود سیاسی شگاف کو مزید گہرا کر دیا ہے، لکھا کہ یہ اقدام نہ صرف موجودہ فلسطینی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا اور غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے خطے کے ممالک کو شہہ دے رہا ہے بلکہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری کے خلاف فلسطینی موقف میں کمزوری کا بھی سبب ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ساتھ منسلک صیہونی ریڈیو نے اعلان کیا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے آج اسرائیلی وزیر جنگ بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات کی درحالیکہ فلسطینی صدر نے گذشتہ 10 سال کے دوران آج پہلی مرتبہ کسی صیہونی حکومتی اہلکار کے گھر میں قدم رکھا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں انجام پائی ہے کہ جب غاصب صیہونی رژیم و قابض یہودی آبادکاروں کی غیر انسانی جارحیت کے خلاف گذشتہ کئی روز سے فلسطینی مغربی کنارے کے اکثر مقامات پر وسیع احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں کی جانب سے تاحال دسیوں فلسطینی جوانوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ایک کو شہید و زخمی بھی کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 970963

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/970963/حماس-کیجانب-سے-محمود-عباس-بینی-گینٹز-ملاقات-کی-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org