QR CodeQR Code

نواز شریف پاکستانی ہیں وہ کسی بھی وقت وطن واپس آسکتے ہیں، رحمان ملک

29 Dec 2021 23:08

سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات خراب ہیں، منی بجٹ لانے کی کوشش ہورہی ہے، طاقتور ممالک اگر غلامی کا طوق پہنانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک اور ایٹمی اثاثے خطرے میں پڑجائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستانی ہیں وہ کسی بھی وقت وطن واپس آسکتے ہیں، سچ بات یہ ہے کہ پارلیمان کمزور ہوگئی ہے، ملک کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں، طاقتور ممالک اگر غلامی کا طوق پہنانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک اور ایٹمی اثاثے خطرے میں پڑجائیں گے، ادھار حاصل کرنے کے لئے ملک کی آزادی کو داؤ پر لگانا عقلمندی نہیں۔ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا ہوئی، کچھ ملزمان کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملی، اکرام اللہ افغانستان میں ہیں، وزارت داخلہ کو لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنے کے لئے پورا نیٹ ورک حرکت میں رہا، بیت اللہ محسود بھی محترمہ کے قتل میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کو نشانہ بنایا گیا، آصف علی زرداری کو جیل میں رکھا گیا۔ رحمن ملک نے کہا کہ آئندہ سال کے ابتدائی سہ ماہ مشکلات کے ہیں، حالات دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ لوگ پرانی تنخواہ پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستانی ہیں وہ کسی بھی وقت وطن واپس آسکتے ہیں، دیکھنا ہوگا کہ وہ ضمانت لیکر آتے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ نواز شریف فروری سے پہلے نہیں آئیں گے، اگر میاں نواز شریف وطن واپس آبھی گئے تو فروری کے بعد آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات خراب ہیں، منی بجٹ لانے کی کوشش ہورہی ہے، طاقتور ممالک اگر غلامی کا طوق پہنانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک اور ایٹمی اثاثے خطرے میں پڑجائیں گے، امید ہے کہ حکمران ایسا نہیں کریں گے، ادھار حاصل کرنے کے لئے ملک کی آزادی کو داؤ پر لگانا عقلمندی نہیں، ہماری پارلیمنٹ عوامی ایکشن لیتی تو کسی کو جرات نہیں ہوتا، گورنر پنجاب نے جو انکشافات کئے یہ پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودمختاری کے نام پر اسٹیٹ بینک کا فیصلہ نقصان دہ ہے، اسٹیٹ بینک والا فیصلہ ریجکٹڈ ریجکٹڈ اور ریجکٹڈ ہے، اگر عمران خان صدارتی نظام چاہتے ہیں تو انہیں ماضی کی تاریخ کی طرح یاد کیا جائے گا، مہنگائی کا طوفان برپا ہے، ڈالر مزید بڑھے گا۔


خبر کا کوڈ: 971010

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971010/نواز-شریف-پاکستانی-ہیں-وہ-کسی-بھی-وقت-وطن-واپس-آسکتے-رحمان-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org