QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، بلاول

30 Dec 2021 18:29

گلگت بلتستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے شہریوں کے ساتھ پی پی پی کی صوبائی حکومت کا تعاون شک و شبہے سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل قبول ہیں۔


چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سندھ کا اجلاس منعقد ہوا۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈوکیٹ اور نائب صدر محمد علی اختر موجود تھے۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں غیرمعمولی تاخیر سے کام لے رہی ہے، گلگت بلتستان کے اسٹیٹس کے حوالے سے آئینی اصلاحات میں بھی پی ٹی آئی حکومت غیرمعمولی تاخیر سے کام لے رہی ہے، سندھ بالخصوص کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کے رہنے والے پی پی پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی سے گلگت بلتستان کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے شہریوں کے ساتھ پی پی پی کی صوبائی حکومت کا تعاون شک و شبہے سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل قبول ہیں۔ اجلاس میں نور عالم خان، سردار خان، شوکت علی شاہ، ذاکر بلتی، کرار شاہ، مرتضیٰ کاظم، اعجاز بلتی، عباس علی، اسرار، روحیل، حاجی علی حیدر، اکبر گلگتی اور شریف بھی شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 971144

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971144/گلگت-بلتستان-کے-بلدیاتی-انتخابات-میں-عوامی-مینڈیٹ-چوری-نہیں-ہونے-دیں-گے-بلاول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org