0
Thursday 30 Dec 2021 20:49

رواداری، سیاست اور معیشت کے اعتبار سے 2021ء ناکام ترین سال رہا، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

رواداری، سیاست اور معیشت کے اعتبار سے 2021ء ناکام ترین سال رہا، ڈاکٹر عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ رواداری، سیاست اور معیشت کے اعتبار سے 2021ء موجودہ حکومت کا ناکام ترین سال رہا ہے۔ حکومت نے سیاست میں برداشت بھی ختم کرکے گالی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے تمام طبقات سراپا احتجاج ہیں۔ جبکہ باقی لوگ اتنے بے بس ہو چکے ہیں کہ اب سڑکوں پر آنے کی ہمت بھی نہیں رکھتے۔ سیاسی طور پر حکومت دیوالیہ پن اور اخلاقی انحطاط کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی پاکستان کے سیاسی کلچر کیلئے بھی تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تو اپنی جگہ، اتحادی جماعتیں بھی حکومتی پالیسی سے متفق نہیں، وزراء کی ٹیم اور حکومت کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی کی حکمت عملی ناکام ترین رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ سیاسی رواداری اور سیاسی اقدار بھی حکومت میں ناپید ہو چکی ہیں، سیاست میں اخلاقی قدریں ختم ہو گئی ہیں۔ مخالفین پر چڑھ دوڑنے اور شور مچانے کی پالیسی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات صرف حکومت سے باہر کے لوگوں پر لگتے ہیں جبکہ خود حکومتی وزراء کرپشن کی بدترین داستانیں دامن میں لیے پھر رہے ہیں، نیب پوچھتی ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا ادارہ بلکہ ان کی کرپشن کی سرپرستی کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 971175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش