0
Friday 31 Dec 2021 02:57

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں منی بجٹ پیش

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں منی بجٹ پیش
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے 360 ارب روپے کا منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا جس کے خلاف ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس سپلیمینٹری بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ اس دوران ایوان میں اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ اپوزیشن نے احتجاجاً بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا تاہم اسی شور شرابے میں وزیر خزانہ نے فنانس سپلیمنٹری بل 2021ء سے پہلے ضمنی ایجنڈے کے تحت اسٹیٹ بینک کے حوالے سے بل پڑھ دیا۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے شگفتہ جمانی اور حکومتی رکن غزالہ سیفی میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

اجلاس میں الیکشن تیسری ترمیم کے آرڈیننس میں 120 دن کی توسیع کی قرارداد بھی منظور کرلی گئی، جس پر پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج ایجنڈے میں مدت ختم ہونے کے بعدآرڈیننس لائے جارہے ہیں، 6 آرڈیننسوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، مگر لگتا ہے مردے میں جان ڈالی جارہی ہے، اس ایوان میں نئی نئی روایتیں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نوید قمر کے اعتراض پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ قومی اسمبلی میں مدت سے آرڈیننس پیش ہوتے ہیں،رولز کے مطابق کارروائی چلائی جارہی ہے۔ اپوزیشن ارکان نے برقی توانائی پیداوار کے حوالے سے آرڈیننس کی مدت میں توسیع کی تحریک پر ووٹنگ کو بھی چیلنج کردیا۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے زبانی ووٹنگ کے بجائے باقاعدہ ووٹنگ کا حکم دے دیا، اسپیکر نے قرارداد کے حق ووٹ دینے والوں کو نشستوں پر کھڑے ہونے کا حکم دیا۔ تاہم اس پر قرارداد کے حق میں ووٹنگ کے بعد مخالفت کرنے والوں کی ووٹنگ ہوئی تو اپوزیشن کی طرف سے صرف تین ارکان مخالفت میں کھڑے ہوئے، اپوزیشن ارکان کی اکثریت گنتی میں کھڑی نہیں ہوئی۔ حکومت کی جانب بل کے حق میں 145 ووٹ دیئے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوام کی زبان بندی کر کے معاشی خودمختاری بیچی جارہی ہے، مدت ختم ہونے والے آرڈیننسز کی مدت میں توسیع کی جارہی ہے، ٹیکس چھوٹ ختم کر کے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، پاکستان کو مت بیچیں پاکستان پر رحم کریں، تین سال سے دوائی، گندم اور چینی والوں کو لوٹ مار کی اجازت دی گئی، 22 کروڑ عوام کی آواز اٹھا رہا ہوں میری آواز بند مت کریں، ایسٹ انڈیا کی حکومت آچکی ہے، پاکستان کی معاشی خودمختاری سرنڈر کرنا 1971ء کے سرنڈر سے زیادہ خطرناک ہے، ساری قوم شرمسار ہورہی ہے کہ آج ایوان میں کیا ہورہا ہے۔

خواجہ آصف کے اظہار خیال پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ میں نے آرڈیننس سے متعلق رولنگ دے دی ہے، میں نے رولز کے مطابق توسیع کی رولنگ دی ہے۔ خواجہ آصف نے ایک بار پھر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو آرڈیننس ایکسپائر ہو چکے ہیں ان میں توسیع نہیں ہو سکتی، توسیع معیاد ختم ہونے سے پہلے ہو سکتی ہے۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آرڈیننس کی مدت میں توسیع کی قرارداد قانونی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مدت ختم ہونے والے آرڈیننس کو رینیو نہیں کیا جاسکتا، آئی ایم ایف کے پاس قرضوں کیلئے ملک کو گروی رکھا جارہا ہے، کہا گیا ہم ملک میں دودھ شہد کی ندیاں بہا دیں گے، خیبرپختونخواہ کی عوام آپ کے خلاف فیصلہ سنا چکی ہے، آپ کی رولنگ آئین کی خلاف ورزی ہے، اسپیکر صاحب اس ایوان کے تقدس اور تکریم کا خیال کریں، یہ اسمبلی پاکستان کے معاشی سرنڈر کرنے کے حوالے سے یاد رکھی جائے گی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنے ممبرز کو کرسی پر کھڑا نہیں کر سکتے وہ حکومت کیا گرائیں گے، جو مودی کو گھر بلاتے رہے وہ قومی سلامتی کی بات کرتے ہوئے اچھے نہیں لگتے، یہ کہتے ہیں اسٹیٹ بینک کو آزادی دی تو تباہی آجائے گی، ان میں اور ہم میں فرق ہے، یہ ڈینگی پر کام کریں تو خود ہی اشتہار جاری کرتے ہیں، ہم نے کورونا کے خلاف کام کیا جس کا اعتراف بین الاقوامی اداروں اور دنیا نے کیا۔ یہ لوگ 10 سال میں ایک روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری نہیں کرا سکے، گزشتہ چار ماہ میں 400 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اسی ایوان نے دی۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ آرڈیننس ایکسپائر ہو چکے ہیں، یہ ایک تکنیکی نکتہ ہے، اپوزیشن سیاستدان خود ایکسپائرڈ ہو چکے ہیں کیا ان کی تقریریں سننا ہم پر لازم ہے، دنیا نے دیکھا کہ جب ہماری سرحدی خلاف ورزی ہوئی تو ہم نے ان کا جہاز گرایا، انڈین اسکوارڈن لیڈر کو قیدی بنایا، چائے پلائی اور ذلیل کرکے نکالا، دنیا نے دیکھا کیسے ہم نے ملکی دفاع کو محفوظ بنایا مگر ان کا لیڈر تو کہتا تھا کہ ٹانگیں کانپتی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے ترامیم کی جا رہی ہیں اس سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہو رہا ہے، آئین کے تحت چلیں تو دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، آج پارلیمنٹ پر داغ لگایا گیا، قانون سازی کسی جماعت کی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کیلئے کی جا رہی ہے، خواجہ آصف کے بیان پر اسد عمر نے کیا جواب دیا، سب نے سنا ہوگا، اور قوم مایوس بھی ہوئی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 971250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش