0
Friday 31 Dec 2021 19:20

وفاقی حکومت کا منی بجٹ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا، نثار کھوڑو

وفاقی حکومت کا منی بجٹ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی منی بجٹ (ضمنی مالیاتی بل 2021ء) ملک کی معاشی خودمختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے اور ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان لانے کے مترادف ہے جس کو مسترد کرتے ہیں۔ جمعہ کو جاری بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت پاکستان کو آئی ایم ایف اور بیرونی فنڈنگ کے اداروں کی کالونی بنانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بننے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے تمام خفیہ معاہدوں کو پارلیمنٹ اور قوم کے سامنے پیش کرے، اسلامی فلاحی ریاست والے ملک پاکستان پر بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مسلط آج کے حکمران ملک کو بیرونی اداروں کی ڈکٹیشن پر چلا رہے ہیں، جو عملاً ملک اور عوام کی آزادی پر حملہ ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل کے ذریعے وفاقی حکومت نے پاکستان کے اسٹیٹ بینک کا کنٹرول ملک کے دسترس سے ختم کرکے آئی ایم ایف کے حوالے کرکے ملک کی معاشی خودمختاری بیرونی اداروں کو فروخت کردی ہے، وفاق کا یہ عمل ملک کی عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضے حاصل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک سمیت پورے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر معاشی دہشتگردی کی جا رہی ہے، منی بجٹ کے ذریعے ٹیکسز میں اضافہ کرکے ساڑھے 3 سو ارب روپے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مار کر حاصل کئے جائیں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ آئی ایم ایف کے شرائط پر منی بجٹ پیش کرکے ملک اور عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا ہے، اس عمل سے ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان بڑھے گا، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ ساتھ جی ڈی اے، ایم کیو ایم پاکستان سمیت وفاقی حکومت کی دیگر اتحادی جماعتیں بھی ملک کو آئی ایف کا غلام بنانے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کے برابر کی شریک ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام کی تکالیف کی دعویدار ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے سمیت پی ٹی آئی کی دیگر اتحادی جماعتیں عوام کے خلاف ہونے والی قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دے کر عوام سے غداری کررہی ہیں اس لئے اب یہ جماعتیں اپنا ڈرامہ بند کردیں، عوام ان کا دوہرا معیار جان چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 971350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش