1
Friday 31 Dec 2021 19:07

علامہ شیخ حسن فخرالدین کے خاندان کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد

علامہ شیخ حسن فخرالدین کے خاندان کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ حسینیہ بلتستانیہ قم ایران میں عظیم محقق اور مشہور مناظر علامہ شیخ حسن فخرالدین اور ان کے علمی و اجتہادی خاندان کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کانفرنس کا انعقاد کیا۔ "مرکز تحفظ اقدار اسلامی پاکستان (کواردو بلتستان) نے حال ہی میں انتقال کرنے والے عظیم محقق اور مشہور مناظر علامہ شیخ حسن فخرالدین اور ان کے علمی و اجتہادی خاندان کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں طلاب حوزہ علمیہ اور علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے علامہ فخرالدین کے دیرینہ ساتھی اور مرکز احیائے آثار برصغیر قم کے موسس جناب حجۃ الاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان صاحب نے خطاب کرتے ہوئے علامہ فخرالدین کی ناشناختہ شخصیت کے پوشیدہ گوشوں کو عیاں کرتے ہوئے کہا کہ علامہ فخرالدین نے 11 سال کی عمر میں حوزہ علمیہ نجف میں قدم رکھا اور ٹھیک 11 سال حوزہ میں رہنے کے بعد 22 سال کی عمر میں اپنے معاشرے کی طرف رجعت کی۔

ایک مختصر مدت میں اتنا علم حاصل کیا کہ علم رجال پر 40 جلدوں اور 80 جلدوں پر مشتمل موسوعہ تحریر فرمایا اور ایسے ایسے تشنہ موضوعات پر قلم اٹھایا، جن میں سے بعض پر تو پوری تاریخ تشیع میں کسی نے قابل قدر کام انجام نہیں دیا ہے۔ انہوں نے اپنی خطابت کے آخر میں مرکز احیائے آثار برصغیر اور مرکز تحفظ اقدار اسلامی پاکستان کی باہمی تعاون سے علامہ فخرالدین کے بیش بہا آثار کے احیاء کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔ جس کے لئے طلاب سے ہمکاری کی اپیل کی گئی۔ پروگرام میں شعراء نے علامہ فخرالدین کی شخصیت کو سراہتے ہوئے اپنے اشعار پیش کئے اور حوزہ علمیہ جامعہ طوسی بلتستان کے سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ اکبر مخلصی صاحب نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے علماء اور طلاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیہ کلمات پر کانفرنس کا اختتام کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر علامہ فخرالدین کے زندگی نامہ پر تازہ چھپنے والی کتاب کی بھی رونمائی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 971359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش