QR CodeQR Code

بھارت سیکولر نہیں عملی طور پر انتہا پسند ریاست بن چکی ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

31 Dec 2021 22:21

لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جمعیت اہلحدیث کا کہنا تھا کہ انتہا پسندانہ رویے جاری رہے تو عصبیت کی آگ بھارت کو کھا جائے گی، مذہبی رواداری بھارت میں ناپید ہو چکی ہے، حتیٰ کہ بھارت کی کوئی سیاسی جماعت بھی رواداری کی سیاست کرنے کو تیار نظر نہیں آ رہی بلکہ ان جماعتوں میں تعصب بڑھانے اور مسلم کش فسادات کا مقابلہ جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ بھارتی انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ بھارت سیکولر ہونے کا دعویٰ تو کرتا ہے مگر عملی طور پر ایک انتہا پسند ریاست بن چکی ہے۔ خاص طور پر بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کیلئے خوفناک ملک بن چکا ہے۔ مسلمان اور مسیحیوں سمیت کسی بھی اقلیت کو انسان ہی نہیں سمجھا رہا۔ گائے کے سامنے مسلم کمیونٹی کی کوئی اہمیت نہیں، ہندو انتہا پسندوں نے گائے کو اتنا مقدس بنا دیا ہے کہ اس کے مقابلے میں مسلمانوں سے تعصب برتا جا رہا ہے اور اس کی بنیاد پر تعصب پھیلایا جا رہا ہے۔لاہور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ رویے جاری رہے تو عصبیت کی آگ بھارت کو کھا جائے گی، مذہبی رواداری بھارت میں ناپید ہو چکی ہے، حتیٰ کہ بھارت کی کوئی سیاسی جماعت بھی رواداری کی سیاست کرنے کو تیار نظر نہیں آ رہی بلکہ ان جماعتوں میں تعصب بڑھانے اور مسلم کش فسادات کا مقابلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بھارتی بھائیوں کی حفاظت کریں مگر افسوسناک بات ہے کہ خود مسلم ممالک کے درمیان روابط اتنے کمزور ہیں کہ وہ خود اپنی مددکے بھی قابل نہیں رہے۔ اتحاد امت کا درس بھول کر مذہبی منافرت، جغرافیائی تفریق اور فرقہ واریت کا شکار ہیں۔ خاص طور پر مذہبی طبقہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر کر کمزور ہو چکا ہے، جبکہ حکمران کلاسوں میں تقسیم ہیں۔سماجی اور معاشرتی تفاوت اتنی زیادہ ہے کہ ایک مسلم ملک دوسرے سے دور نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں معاشرتی اونچ نیچ کا کوئی تصور موجود نہیں تھا مگر اب یہ موجود ہے۔ گورے، کالے اور امیر غریب کی برابری کا تصور بھی ختم ہوتا جا رہا ہے، یعنی اپنی حفاظت نہیں کر سکتے اور اپنے ہاتھوں سے خود بویا ہوا کاٹ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے دنیا کیلئے مسلمان تر نوالہ بن چکے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 971378

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971378/بھارت-سیکولر-نہیں-عملی-طور-پر-انتہا-پسند-ریاست-بن-چکی-ہے-ڈاکٹر-عبدالغفور-راشد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org