0
Friday 31 Dec 2021 23:19

آئی ایم ایف کے لئے پاکستان کے عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، مشتاق خان

آئی ایم ایف کے لئے پاکستان کے عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ایف پی اے کے نام سے وصول کئے جانے والے ظالمانہ ٹیکس اور بھتے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے، یہ حکومت کی عوام کے خلاف معاشی دہشتگردی ہے۔ ہم اس پر پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومت کی مذمت کرتے ہیں۔ ایف پی اے کے خلاف سینیٹ کے فلور پر بھی آواز اٹھائی ہے اور گلی کوچوں، چوکوں چوراہوں اور میڈیا کے پلیٹ فارمز پر بھی اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی اے کی صورت میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، وزیر اعظم عمران خان بتائیں کہ عوام کیا کریں، سول نافرمانی کی تحریک چلائیں یا بجلی کے بل جلا کر ادا کرنے سے انکار کردیں؟ حکومت نے عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا 5700 میگاواٹ بجلی ایک روپے فی یونٹ کے حساب سے بناتا ہے، پورے صوبے کی ضرورت ڈھائی تین ہزار میگا واٹ ہے۔ ہمیں اپنی بجلی اور آئینی حق دیا جائے۔ ہم 18 روپے یونٹ بجلی نہیں خریدتے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں کوئی ایندھن کی بجلی نہیں بنتی تو ایف پی اے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آئی ایم ایف کے لئے پاکستان کے عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں پیر کو پٹیشن دائرکریں گے، عدالت سے انصاف کی امید ہے۔ عدالت عوام کو ریلیف دلائے اور بجلی کے بلوں میں وصول کی گئی زائد رقوم واپس یا ایڈجسٹ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا ادراک ہے، ہم عوام کے دکھ، درد اور تکلیف کو سمجھتے ہیں، ان کے بشری حقوق کے لئے ہمیشہ سے میدان میں ہیں۔ ہم عوام کے حقوق کی جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 971393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش