0
Saturday 1 Jan 2022 10:35

قومی اسمبلی کا اجلاس 12 منٹ جاری رہنے کے بعد غیر معینہ مدت تک ملتوی

قومی اسمبلی کا اجلاس 12 منٹ جاری رہنے کے بعد غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کیے جانے سے قبل صرف 12 منٹ تک جاری رہا جس میں حال ہی میں پیش کیے گئے متنازعہ مالیاتی ضمنی بل پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کا خیال ہے کہ جنوری کے وسط میں شروع ہونے والے ایوان کے آئندہ اجلاس میں بل کو اکثریت کے ساتھ آسانی سے منظور کر لیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بل سینیٹ کو بھیجتے ہوئے آئینی ذمہ داری پوری کرلی گئی ہے تاکہ قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے 14 دن کے اندر سفارشات طلب کر لی جائیں۔ حکومت اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان پس پردہ مذاکرات جاری ہیں تاکہ قرض دہندہ کو قائل کیا جاسکے کہ حکومت فنانس سپلیمنٹری بل 2021 پر اکثریت حاصل کرنے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خود مختاری دینے کی اپنی شرط پوری کر رہی ہے۔


مذکورہ بل آئی ایم ایف کے 12 جنوری کو ہونے والے اجلاس سے قبل یا بعد منظور کیے جائیں گے جس کے بعد پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس کورم نامکمل ہونے کے باعث شروع ہونے کے چند منٹوں بعد ہی معطل کردیا گیا، کورم نامکمل ہونے کی نشاندہی اپوزیشن رہنما نے کی جس کے بعد اراکین کی غیر حاضری کے باعث اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ایسی مثال کہیں نہیں ملتی کہ ایک اہم بل پیش کرنے کے ایک روز بعد اس پر فیصلہ کیے بغیر اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو اہم اتحادی مالیاتی ضمنی بل 2021ء پر ناخوش ہیں، جسے منی بجٹ کہا جا رہا ہے۔ تاہم رابطہ کرنے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں اتحادیوں نے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بل کی منظوری دے دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 971452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش