0
Sunday 2 Jan 2022 15:42

لاہور، شہداء کی یاد میں فیسٹیول کا انعقاد، شہریوں کی بھرپور شرکت

لاہور، شہداء کی یاد میں فیسٹیول کا انعقاد، شہریوں کی بھرپور شرکت
اسلام ٹائمز۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے حکم کے مطابق لاہور میں سال نوء کا آغاز شہداء کی یاد اور تکریم کے عنوان سے کیا گیا۔ اس حوالے سے شہید مدافع حرم شہید حاج قاسم سلیمانی، ابو مہدی مہندس سمیت شہدائے پاکستان کی یاد میں لاہور کے فردوسیہ قبرستان میں ’’شہداء فیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کا اہتمام افکار ادارہ فروغ آثار شہداء کی جانب سے کیا گیا جبکہ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ادارہ التنزیل، امامیہ سکاوٹس سمیت دیگر ملی تنظیموں نے بھی حصہ لیا۔ فیسٹیول میں خیام شہداء کے عنوان سے گیلری بنائی گئی، جس میں شہداء کی تصاویر آویزاں کی گئی تھیں جبکہ ساتھ ساتھ شہداء کا تعارف اور ان کے کارناموں کو بھی نمایاں کیا گیا۔

اس کے علاو اس موقع پر موکب قرآنی بھی لگایا گیا، جس میں فیسٹیول میں آنیوالے تمام شرکاء پہلے قرآن خوانی کرتے اور شہداء کو ایصال کرکے پروگرام میں شریک ہوتے رہے۔ ایونٹ میں محفل مسالمہ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں نامور شعراء نے منظوم کلام پیش کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نسل نوء میں شوق شہادت بیدار کرنے کیلئے خصوصی خاکے بھی پیش کئے گئے، جن میں بچوں اور خواتین نے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فیسٹیول میں شہداء کے حوالے سے خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی گئیں، پروگرام صبح 9 بجے سے شروع ہو کر رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں امامیہ سکاوٹس، آئی ایس او، ادارہ تنزیل اور شہید فاونڈیشن سمیت دیگر نے سٹالز بھی لگائے، جہاں وزٹرز کو معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔

شہداء فیسٹیول کے انعقاد کو شہریوں کو اچھی سرگرمی قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسی تقاریب شہداء کے مقصد کے قریب لاتی ہیں اور شوق شہادت کو بڑھاتی ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر منتظمین کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایسی تقاریب پیغام شہداء کو عام کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ملت کے محسن ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملت کو حیات بخشی، شہداء کو یاد رکھنا بذات خود ملی بقاء ہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی تقاریب کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 971636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش