0
Sunday 2 Jan 2022 18:38

ہم سب کو شہید قاسم سلیمانی کے نام سے عشق ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ہم سب کو شہید قاسم سلیمانی کے نام سے عشق ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد میں امام بارگاہ جامعہ امام صادق علیہ السلام میں تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد ہوا، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو ورلڈ آرڈر کی تکمیل کے لئے امریکہ نے اس خطے میں جنگیں شروع کیں، ہماری خوش بختی تھی کہ ایران میں ایک ایسی الہیٰ قیادت نے انقلاب برپا کیا، جو انبیاء کے راستے پر چلتی ہوئی عالمی استکبار سے ٹکرانا جانتی تھی۔ استعمار کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ صرف اس قیادت کو حاصل ہوتا ہے، جو اپنے دل میں خوف خدا رکھتی ہو۔ امام خمینی ہی وہ شخصیت تھے، جنہوں نے مظلومین کو قوت عطاء کی، ان کی تربیت میں رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای اور شہید قاسم سلیمانی نے پرورش پائی۔

 علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی پوری دنیا کے مظلومین کے لئے ڈٹے رہے۔ وہ اولیاء کی صفات رکھتے تھے اور تمام دنیا کے جرنیلوں کے لئے رول ماڈل تھے۔ انہوں نے عالم اسلام کے خلاف امریکہ کے مزموم عزاِئم کو شکست دی۔ امریکہ کی شکست دراصل عالم اسلام کی فتح کا شادیانہ تھی۔ سپر پاور کے زعم میں مبتلا امریکہ کو اگر لگام نہ ڈالی جاتی تو وہ مسلمان ریاستوں کو ٹکرے ٹکرے کر دیتا۔ غلیل اور پتھروں سے دشمن کا مقابلہ کرنے والے فلسطینوں کو شہید قاسم سلمانی نے ڈرون و میزائیلوں کی جدید ٹیکنالوجی سکھائی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ وہ پاکستان کے دشمنوں کی ناکامی چاہتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم سب کو شہید قاسم سلمانی سے عشق ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خصوصی الفاظ میں شہید عارف حسین الحسینی اور شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شہداء عطر کی شیشی کی مانند ہیں، جن کی خوشبو ٹوٹنے کے بعد زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شہید قاسم سلمانی کے نام سے  دشمنان اسلام سخت خوفزدہ ہیں۔ سوشل میڈیا اور ویب پر فلٹرز لگائے گئے ہیں، تاکہ ایک عظیم شہید کے نام کو نشر نہ ہونے دیا جائے۔ مسلمانوں کے تمام مقامات مقدسہ مسلمانوں کے لیے واجب الاحترام ہیں۔ قاسم سلیمانی کا امت مسلمہ پر احسان ہے کہ انہوں نے کربلا معلیٰ اور شام کے مقامات مقدسہ کی حفاظت کی۔ شہید قاسم سلمانی کی جرات و استقامت کے نتیجے میں گریٹر اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا خواب دیکھنے والی ریاست اپنی بقا کی جنگ لڑنے پر مجبور ہے۔ داعش کو اگر شام میں بدترین شکست نہ دی گی ہوتی تو ان کا اگلا ہدف پاکستان کی سرزمین ہوتا۔ ہر باشعور پاکستانی قاسم سلمانی کی جرات مندانہ کوششوں کا احسان مند ہے۔

مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے کانفرنس کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اس شہید کی یاد منائی جا رہی ہے، جس کا قبیلہ انسانیت تھا۔ شہید قاسم سلمانی مظلوموں کی آس تھے۔ انہوں نے مظلومین کو ظالموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہنر سکھایا۔ کانفرنس سے معروف شاعر زوار حسین بسمل، سیکرٹری مالیات آغا اقبال بہشتی، علی محمد شاہ، نثار فیضی اور دیگر علماء نے خطاب کیا۔
 
خبر کا کوڈ : 971655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش