0
Sunday 2 Jan 2022 22:00

اب کوئی تقریر نہیں ہوگی، اب ہم رہیں گے یا سندھ کے کرپٹ ظالم حکمران رہیں گے، مصطفیٰ کمال

اب کوئی تقریر نہیں ہوگی، اب ہم رہیں گے یا سندھ کے کرپٹ ظالم حکمران رہیں گے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کے سیاہ بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف 30 جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کا اعلان کردیا، اب کوئی تقریر نہیں ہوگی، اب ہم رہیں گے یا سندھ کے کرپٹ ظالم اور متعصب حکمران رہیں گے، بلاول بھٹو کو اپنے بڑوں کی طرح ملک توڑنے کی لت لگی ہوئی ہے، شہر میں بھائی کو بھائی سے لڑا کر گلے کاٹنے والوں کا خاتمہ ہوگیا تو آج مصطفیٰ کمال اکیلا نہیں رہا بلکہ لاکھوں مصطفیٰ کمال بن چکے ہیں، دور سے وزیراعلیٰ کو آواز نہیں جاتی اس لئے سیدھا وزیراعلیٰ ہاس کے گیٹ پر جائیں گے اور سندھ کی عوام کو حقوق دلا کر ہی واپس لوٹیں گے، انشاءاللہ پی ایس پی کا 30 جنوری کا مارچ پورے پاکستان میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کے نور گرانڈ، پی ای سی ایچ ایس میں منعقدہ شاندار جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران بھی موجود تھے۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کراچی والوں کو اب صرف اپنے لئے ہی نہیں بلکہ پورے سندھ کے بچوں، ماں بیٹیوں بہنوں اور نوجوانوں کے لئے بھی لڑنا ہوگا، سندھ کے جابر اور متعصب حکمرانوں کے خلاف جنگ سندھ کے دارلخلافہ کراچی سے شروع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ کرنا ہے کہ ہم اور ہماری اولادیں بلاول زرداری کی غلامی میں مریں یا عزت کی زندگی جیئیں اور عزت کی موت قبول کریں، ہمیں غلامی کی زندگی نہیں عزت کی موت قبول ہے، عوام کے حقوق کے لئے آج مصطفیٰ کمال اکیلا نہیں ہے، کراچی کے عوام ساتھ ہیں، کارکنان ایک ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹائیں، قوم ایک دن گھر سے نکلے تو کئی نسلیں سکون سے رہیں گی، 30 جنوری کو جو شخص بھی اپنے گھر میں رہا وہ ظالم کا ساتھی ہے، پیپلز پارٹی کا سیاہ بلدیاتی قانون کسی ایک فرقے، قومیت یا کمیونٹی کا مسئلہ نہیں تمام انسانوں کا مسئلہ ہے، ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے کہ جس سے پیپلز پارٹی کو ہماری جدوجہد کو ضائع کرنے کا کوئی موقع ملے، گرچہ پیپلز پارٹی میں 99 فیصد ہمارے سندھی بھائی ہیں لیکن پیپلز پارٹی سندھیوں کی نمائندہ جماعت نہیں بلکہ سندھیوں کی قاتل جماعت ہے، ہم کبھی یہ نہیں کہیں گے کہ سندھیوں نے مہاجروں پر ظلم کیا بلکہ ہمیشہ یہی کہیں گے کہ پیپلز پارٹی مہاجروں پر ظلم کر رہی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی یہی چاہتی ہے کہ کوئی انکا لسانی کارڈ، لسانی نعرہ لگا کر انکی لسانی سیاست مضبوط کرے۔
خبر کا کوڈ : 971683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش